نیب اجلاس شریف خاندان اور آصف زرداری کے خلاف مقدمات میں پیش رفت کا جائزہ

دباؤ، دھمکی اور پراپیگنڈا کی پرواہ کئے بغیر قانون کے مطابق کام کرتے رہیں گے، چیئرمین نیب


ویب ڈیسک May 28, 2020
نیب کا مفرور اور اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کیلئے تمام تر وسائل بروئے کارلانے کا فیصلہ فوٹو: فائل

چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی زیر صدارت اہم اجلاس میں شریف خاندان اور آصف زرداری سمیت مختلف سیاسی رہنماؤں کے خلاف مقدمات اور تحقیقات میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا ہے۔

نیب کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں میگا کرپشن کے مقدمات پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں نوازشریف، شہبازشریف، حمزہ شہباز،سلمان شہباز، حسن نواز اور حسین نواز کے خلاف مقدمات جب کہ احد چیمہ، فوادحسن فواد، شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، مفتاح اسماعیل، عمران الحق کے خلاف تحقیقات کا جائزہ لیا گیا۔

نیب اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں جعلی بینک اکاوَنٹس کیس میں آصف زرداری ، غنی ، انور مجید کے خلاف تحقیقات کے علاوہ گندم چینی اسکینڈل کی تحقیقات اور سندھ میں گندم چوری کی انکوائری کا جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ پنجاب کی 56 کمپنیوں میں کرپشن اور ملزمان سے رقوم کی واپسی، 435 آف شور کمپنیوں میں سیف اللہ برادران، علیم خان اور دیگر کے خلاف تحقیقات، مضاربہ، مشارکہ، جعلی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کی انکوائریوں کا بھی جائزہ لیا گیا.

نیب نے مفرور اور اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کیلئے تمام تر وسائل بروئے کارلانے اور احتساب عدالتوں میں زیر التواء مقدمات کی جلد سماعت کے لئے درخواستیں دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس موقع پر چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب دباؤ، دھمکی اور پراپیگنڈا کی پرواہ کئے بغیر قانون کے مطابق کام کرتا رہے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں