ایشیا میں ہمارا مرکزی کردار ختم نہیں کیا جا سکتا امریکی نائب صدر جو بائیڈن

امریکا چین کی جانب سے قائم کی گئی نئی فضائی حدود کو تسلیم نہیں کرتا ، جوبائیڈن


AFP December 06, 2013
جاپان، جنوبی کوریا اور امریکا آپس کے تعلقات بہتر بنالیں تو ایشیا کا پورا خطہ مستحکم اور مضبوط ہو جائے۔ بائیڈن ۔ فوٹو: رائٹرز/فائل

KARACHI: امریکا کے نائب صدر جو بائیڈ ن نے کہا ہے کہ کسی کو بھی ایشیا میں واشنگٹن کے کردار اور اسٹریٹیجک پالیسی میں تبدیلی کے حوالے سے شک نہیں ہو نا چاہئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق جنوبی کوریا کے صدر سے ملاقات میں امریکی نائب صدر جو بائیڈن نےاس عزم کا اظہار کیا کہ امریکا چین کی جانب سے قائم کی گئی نئی فضائی حدود کو تسلیم نہیں کرتا کیونکہ چین کی فضائی حدود بیجنگ اور ٹوکیو کے درمیان تنازعے کا باعث ہے جب کہ شمالی کوریا کا جوہری پروگرام خطے اور پوری دنیا کی سیکیورٹی کے لئے خطرہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کبھی بھی شمالی کوریا کے جوہری پروگرام کو برداشت نہیں کرے گی، اس میں کوئی شبہ نہیں ہونا چایئے کہ امریکا اپنے اتحادی کو بچانے کے لئے شمالی کوریا کی جارحیت کا بھرپورمقابلہ کرے گا۔

جو بائیڈ ن کا کہنا تھا کہ امریکی صدر باراک اوباما کی ایشیا میں اسٹریٹیجک پالیسی کے حوالے سے کوئی تبدیلی نہیں آئے گی، امریکا کبھی بھی ایسی بات نہیں کرتا جو پوری نہ کرسکتا ہو، اگر جاپان ، جنوبی کوریا اور امریکا جیسی جمہوریتیں آپس کے تعلقات بہتر بنالیں تو ایشیا کا پورا خطہ مستحکم اور مضبوط ہو جائے۔

واضح رہے کہ چین کی جانب سے بحیرہ چین میں فضائی دفاعی حدود قائم کرنے پرجنوبی کوریا نے بھی فضائی دفاعی حدود میں اضافے کی دھمکی دی تھی، دوسری جانب جنوبی کوریا اور جاپان کے تعلقات بھی سفارتی سطح پر اس قدر خراب ہیں کہ جنوبی کوریا کے صدر پارک گیون ہئی نے جاپانی وزیراعظم شنزو ابے سے اس وقت تک ملاقات سے انکار کردیا تھا جب تک جاپان جزیرہ نما کوریا پر 1910 سے 1945 تک کئے جانے والے قبضے پر معافی نہیں مانگتا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں