کورونا وبا نے لاہور پولیس کو بھی جکڑلیا

پولیس افسران سمیت سو سے زائد اہلکار  کورونا کا شکار ہونے کے بعد آئسولیشن میں چلے گئے

پولیس افسران سمیت سو سے زائد اہلکار کورونا کا شکار ہونے کے بعد آئسولیشن میں چلے گئے

NEW YORK CITY:
عیدالفطر کے بعد کورونا وبانے لاہور پولیس کو جکڑلیا جس کے سبب سیکڑوں اہلکار آئسولیشن میں چلے گئے ہیں۔

لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد سے مریضوں کی تعداد میں روزبروز اضافہ ہونے لگا ، پولیس افسران سمیت سو سے زائد اہلکار کورونا کا شکار ہونے کے بعد آئسولیشن میں چلے گئے ، دیگر افسران دفاتر کی بجائے فیلڈ میں رہنے کو ترجیح دینے لگے۔

سی سی پی او ذوالفقار حمید نے ایکسپریس ٹریبیون سے گفتگو میں بتایا کہ کورونا کی وبا نے فرنٹ لائن پر فرائض سرانجام دے رہے تمام محکموں میں سے سب سے زیادہ لاہور پولیس متاثر ہوئی لیکن لاہور پولیس ہر قسم کے حالات کو پسے پشت ڈالتے ہوئے شہریوں کو سیکیوریٹی اور سیفٹی کو یقینی بنائے ہوئے ہے۔


ذوالفقار حمید نے بتایا کہ لاہور پولیس میں اب تک افسروں اور اہلکاروں کے ایک ہزار سے زائد کورونا ٹیسٹ کروائے گئے جن میں سے اب تک 115 کی رپورٹ پازیٹو آچکی ہے جبکہ کورونا وائرس سے 61 اہلکاروں نے صحتیاب ہوکر دوبارہ ڈیوٹیاں سنبھال لیں، لاہور پولیس میں تین اہلکار شہید ہوکرشمس، رمضان عالم اور راو جاوید اپنے خالق حقیقی سے جا ملے، سی سی پی او دفتر میں سے ایس ایس پی ایڈمن ملک لیاقت بھی کورونا کا شکار ہوئے اور عید کے فوری بعد صحتیاب ہوکر ڈیوٹی سنبھال لی۔

ڈی آئی جی آفس میں عیدالفطر کے فوری بعد ایس پی سیکیورٹی شیخ بلال ظفر کورونا کا شکار ہو کر آئسولیشن میں چلے گئے ، بلال ظفر کے بعد ڈی آئی جی آفس میں سو سے زائد افسروں اور اہلکاروں کے ٹیسٹ کروائے گئے جن کی رپورٹس آناباقی ہیں ، ڈی آئی جی آپریشنز رائے بابر سعید علامات ظاہر ہونے والے اہلکاروں کو ٹیسٹ رپورٹس آنے تک روک دیا جب کہ تمام دفتر کو ڈس انفیکٹ سپرے بھی کیا جارہا ہے ، پولیس افسران میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے بعد ڈی آئی جی آپریشنز رائے بابر سعید ، ایس ایس پی آپریشنز فیصل شہزاد اور چیف ٹریفک آفیسر سید حماد عابد دفاتر کی بجائے فیلڈ میں رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں ، دفاتر میں سائلین کا داخلہ بھی تاحکم ثانی روک دیا گیا ہے، دفتری عملے کو محدود کرکے صرف ضروری افراد کو بلایا جارہا ہے۔

فیلڈ میں پہلے سے موجود ایس پی انوسٹی گیشن سٹی ڈویژن توحید میمن ، ڈی ایس پی سمن آباد وحید اسحاق ، ایس ایچ او قلعہ گجر سنگھ ظہیرالدین بابر ، ایس ایچ او باغبانپورہ محمد رضا ، انچارج انوسٹی گیشن ڈیفنس عدنان مسعود میں کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد تمام ایس پیز ، ڈی ایس پیز ، ایس ایچ اوز اور انچارج انوسٹی گیشن بھی دفاتر اور تھانوں کی بجائے فیلڈ میں رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں ، ڈی آئی جی آپریشنز کے حکم پر کسی سائل کی درخواست آنے پر اس کو تھانے بلوانے کی بجائے متعلقہ ایس ایچ او سائل سے خود رابطہ کرکے تھانے سے باہر شنوائی کررہے ہیں۔

ایس پی ہیڈکوارٹرز جمیل ظفر نے ایکسپریس ٹریبیون کو بتایا کہ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں موجود اہلکاروں کے اس وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے کا خدشہ تھا کیونکہ تمام اسپتالوں ، کورنٹائن سنٹرز اور حساس مقامات پر پولیس کی بفری لائن سے ہی بھیجی جارہی ہے لیکن ابھی تک حالات قابو میں ہیں ، پولیس لائنز میں 70 کے قریب اہلکاروں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جن میں سے 30 کے قریب صحت یاب ہوکر واپس ڈیوٹی پر آچکے ہیں ، جمیل ظفر نے مزید بتایا کہ محکمہ صحت کے عملے سے روزانہ کی بنیاد پر پولیس لائنز کے اہلکاروں کے ٹیسٹ کروائے جارہے جبکہ ان کو مکمل حفاظتی سامان کے ساتھ ڈیوٹی پر روانہ کیا جاتا ہے ، پولیس لائنز میں جب اہلکار ڈیوٹی سے واپس آتے ہیں تو سنیٹائزر گیٹ سے گزر کر فوری ہاتھ دھوتے اور حفاظتی کٹ اتار دیتے ہیں ، اس کے علاوہ اسلحہ ڈپو میں جب اسلحہ واپس جمع کروایا جاتا ہے تو وہاں موجود عملہ اس اسلحہ کو بھی ڈس انفیکٹ کرتا ہے۔
Load Next Story