1000 شہریوں کیلیے صرف ایک بیڈ ایک ڈاکٹر عوامی صحت کبھی ترجیح نہ رہی

وفاق نے گزشتہ مالی سال میں شعبہ صحت میں 12 ارب 40 کروڑ خرچ کیے، پنجاب میں818 روپے فی کس مختص ہوئے


رضیہ خان May 31, 2020
سندھ نے فی شہری1305 ، بلوچستان 1231 ، خیبر پختوانخوا نے 769 روپے مختص کیے، بجٹ جی ڈی پی کا ایک فیصد سے بھی کم رہا۔ فوٹو : فائل

صحت کی سہولیات موجود حکومت کی ترجیحات میں شامل ہونے کے باوجود اس شعبے کی حالت ابتر ہوتی رہی، ملک بھر کے سرکاری نظام میں 963 پاکستانیوں کیلئے صرف ایک ڈاکٹر ،1 ہزار 608 پاکستانیوں کیلئے ایک بیڈ میسر ہے۔

سرکاری اعدادوشمار کے مطابق وفاق نے گزشتہ مالی سال میں صحت کے شعبے میں 12 ارب 40 کروڑ خرچ کئے، یہ رقم وفاقی دارالحکومت کے شہریوں کے ساتھ وفاق کے دائرہ اختیار میں آنے والے علاقوں کیلئے بھی تھے، پنجاب نے ایک فرد کی صحت کیلئے پورے سال میں صرف 818 ، سندھ نے فی شہری 1305 ، بلوچستان نے سالانہ 1231 روپے مختص کئے ، خیبر پختوانخوا نے فی فرد 769روپے کا بجٹ مختص کیا۔

ملک بھر میں سرکاری ہسپتالوں کی تعداد 1 ہزار 279 ، بنیادی مراکز صحت کی تعداد 5 ہزار 527 ، رورل ہیلتھ سنٹرز کی تعداد 686 جبکہ ڈسپنسریز کی تعداد 5 ہزار 671 ہے، ملک بھر میں رجسٹرڈ ڈاکٹرز کی تعداد 2 لاکھ 20 ہزار 829 ہے ، عوامی صحت کسی بھی حکومت کی ترجیح میں شامل نہ رہی جس کے باعث ملک بھرمیں صحت کے شعبہ میں برے ترین حالات ہیں ، یہی وجہ ہے کہ ملک کے صحت کا بجٹ ہمیشہ مجموعی جی ڈی پی کا ایک فی صد سے بھی کم رہا ہے، گزشتہ مالی سال کے دوران وفاق اور صوبوں کا صحت کا مجموعی بجٹ 203 ارب 74 کروڑ روپے تھا جو جی ڈی پی کا محض صفر اعشاریہ 53 فیصد بنتا ہے۔

ادارہ شماریات کی مردم شماری کے مطابق پاکستان کی 20 کروڑ 77 لاکھ 74 ہزار 520 افراد پر صحت کے بجٹ کو تقسیم کیا جائے تو سالانہ فی کس 980 روپے 58 پیسے اور ماہانہ 81 روپے 71 پیسے بنتے ہیں، گزشتہ مالی سال کے اقتصادی سروے کو دیکھیں تو 11 کروڑ 12 ہزار 442 افراد پر مشتمل پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب نے صحت پر 90 ارب 10 کروڑ خرچ کئے یعنی ایک سال کے دوران ایک فرد کی صحت کیلئے 818 روپے 99 پیسے اور ماہانہ 68 روپے 25 پیسے۔

آبادی کے اعتبار سے دوسرے نمبر پر آنے والے صوبہ سندھ نے اپنے 4 کروڑ 78 لاکھ 86 ہزار 51 شہریوں کی صحت پر 62 ارب 50 کروڑ خرچ کئے یعنی سالانہ 1305 روپے فی شہری اور ماہانہ 108 روپے 76 پیسے، بلوچستان کی آبادی ایک کروڑ 23 لاکھ 44 ہزار 408 افراد پر مشتمل ہے اور اس نے صحت کا بجٹ 15 ارب 20 کروڑ رکھا یعنی سالانہ 1231 روپے 32 پیسے ایک شہری اور ماہانہ 102 روپے 61 پیسے۔

2018-2019 میں خیبر پختونخوا کا فاٹا کے ساتھ انضمام نہیں ہوا تھا جس کے باعث خیبر پختونخوا نے اپنی 3 کروڑ 52 لاکھ 3 ہزار 371 افراد پر مشتمل آبادی کیلئے 23 ارب 50 کروڑ روپے رکھے تھے، یوں خیبرپختونخوا نے سالانہ 769 روپے 90 پیسے فی فرد جبکہ ماہانہ 64 روپے 15 پیسے خرچ کئے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں