کراچی طیارہ حادثہ فرانسیسی ٹیم تحقیقات مکمل کرکے روانہ

غیر ملکی ٹیم اپنے ہمراہ جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد بھی لئے گئے ہیں


ویب ڈیسک June 01, 2020
فرانسیسی ٹیم کراچی ایئر پورٹ سے خصوصی پرواز اے آئی بی 1889 کے ذریعے فرانس روانہ ہوئی فوٹو: فائل

لاہور: پی آئی اے طیارہ حادثے کی تحقیقات کرنے والی غیر ملکی ماہرین کی ٹیم واپس فرانس روانہ ہوگئی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی طیارہ حادثے کی تحقیقات کے لیے ائیر بس کمپنی کے ماہرین پر مشتمل 11 رکنی ٹیم 26 مئی کو فرانس سے کراچی پہنچی تھی۔ غیر ملکی ٹیم نے اپنے قیام کے دوران جائے وقوعہ سے تمام ضروری شواہد اکٹھے کیے اور رن وے کا بھی معائنہ کیا۔

فرانسیسی ٹیم کے ارکان کراچی ایئر پورٹ سے خصوصی پرواز اے آئی بی 1889 کے ذریعے فرانس روانہ ہوئے۔ فرانسیسی ٹیم اپنے ہمراہ دیگر شواہد کے ساتھ فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر اور کاک پٹ وائس ریکارڈر بھی لے گئی ہے، جنہیں ایئر بس کے ہیڈ کوارٹر میں ہی ڈی کوڈ کیا جائے گا۔ فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر اور کاک پٹ وائس ریکارڈر کی ڈی کوڈنگ سے تباہی سے قبل پرواز میں ہونے والی گفتگو سامنے آئے گی۔ ان ہی شواہد کی روشنی میں طیارہ حادثے کی حتمی رپورٹ تیار کی جائے گی۔

واضح رہے کہ 22 مئی کو لاہور سے کراچی آنے والی پی آئی اے کی پرواز لینڈنگ کے دوران آبادی پر گر کر تباہ ہوگئی تھی جس کے نتیجے میں جہاز میں سوار عملے کے 8 ارکان سمیت 97 مسافر جاں بحق ہوگئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں