کورونا سے بچاؤ ڈرائیور اور عقبی سیٹ پر بیٹھنے والوں کیلیے پارٹیشن تیار

کورونا وائرس کی وبا کی روک تھام کے لیے مناسب فاصلہ اور محدود سماجی میل جول ضروری ہے


Kashif Hussain June 02, 2020
ٹیم نے شفاف پارٹیشن تیارکی ہے جوگاڑی کی باڈی وچھت میں المونیم کے چینل کے ذریعے فکس ہو جاتی ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

گاڑیوں کے پرزہ جات بنانے والی پاکستانی کمپنی نے مہران کمرشل انٹرپرائززنے کاروں کی فرنٹ اور عقبی نشستوں کے درمیان شفاف پلاسٹک کا حفاظتی پارٹیشن تیارکرلیا جس کی مدد سے کاروں اورایس یو ویزکے ڈرائیوراور عقبی سیٹ پر بیٹھنے والے افراد کوروناکی حفاظتی تدابیرکے ساتھ سفرکرسکتے ہیں۔

حفاظتی پارٹیشن کامقصدکورونا کے پھیلاؤ کو روکتے ہوئے سفرکے دوران ڈرائیوراور پیچھے بیٹھنے والوںکو ایک دوسرے سے ممکنہ طور پر لاحق کورونا وائرس منتقل ہونے کے خدشہ کو ختم کرکے روز مرہ آمدورفت کو محفوظ بنانا ہے، مہران کمرشل انٹرپرائزز کا پیداواری یونٹ کورنگی انڈسٹریل پارک میں واقع ہے جہاں تیار ہونے والے پرزہ جات مقامی کار مینوفیکچرنگ کمپنیوں کو سپلائی کیے جانے کے ساتھ ایکسپورٹ بھی کیے جاتے ہیں۔

کمپنی کے سی ای او مشہود علی خان نے ایکسپریس کو بتایاکہ کورونا کی وبا کی روک تھام کے لیے مناسب فاصلہ اور محدود سماجی میل جول ضروری ہے لیکن روز مرہ امور کی انجام دہی اور سفری ضرورتوں کو پورا کرنے کے لیے کاروں کے ڈرائیورز اور عقبی نشست پر بیٹھنے والے مسافرکے درمیان بھی ایسے پارٹیشن کی ضرورت تھی جو کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکتے ہوئے مسافر اور ڈرائیور دونوںکو تحفظ فراہم کر سکے، اس ضرورت کو پورا کرنے کیلیے مہران کمرشل انٹرپرائزز کی آر اینڈ ڈی ٹیم نے ایک شفاف پارٹیشن تیارکی ہے جو گاڑی کی باڈی اور چھت میں المونیم کے چینل کے ذریعے فکس ہوتا ہے۔

انھوں نے بتایاکہ ابتدائی طور پرآفس اسٹاف وینز اور ذاتی کاروں کیلیے پارٹیشن تیار کیے گئے ہیں اس پارٹیشن کا بنیادی مقصد اسٹاف وینز کے ذریعے دفاتر جانے والے ملازمین کو تحفظ فراہم کرنا ہے،اس پارٹیشن کو مقامی مارکیٹ کیلیے تیار کیا گیا ہے لیکن رواں ماہ سے عالمی مارکیٹ میں بھی متعارف کرایا جائیگا، یہ پارٹیشن زیادہ تر ایس یو ویز اور ایسی وینز کیلیے موزوں ہے جن میں عقبی نشستوں کیلیے الگ ایرکنڈیشن نصب ہوتے ہیں۔

مشہود علی خان کا مزید کہنا تھاکہ کوروناکے مریضوںکی منتقلی کیلیے استعمال کی جانیوالی گاڑیوں میں بھی یہ پارٹیشن نصب کیا جاسکتا ہے، حفاظتی پارٹیشن کی لائف ایک سال ہے اور قیمت بھی کافی مناسب رکھی گئی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس سے استفادہ کرسکیں، حفاظتی شیلڈ کو فیکٹری میں نصب کیا جائیگا، مہران کمرشل انٹرپرائزز کے پاس اس وقت ایک دن میں 5 گاڑیوں میں حفاظتی پارٹیشن نصب کرنے کی صلاحیت ہے جس میں ضرورت پڑنے پر اضافہ کر دیا جائے گا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں