نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے وزیر اعظم

وفاقی کابینہ کا ملک میں احتساب کا عمل جاری رکھنے پر اتفاق


ویب ڈیسک June 02, 2020
وزیر اعظم نے مالی حالات کے پیش نظر کابینہ کے ارکان کو کفایت شعاری اختیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔ فوٹو، فائل

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس 5 گھنٹے جاری رہا جس میں ملکی سیاسی، معاشی اور کورونا کی صورت حال اورٹڈی دل کے خاتمے سمیت آئندہ وفاقی بجٹ 2020-21ء سے متعلق پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان نے چینی کی قیمتوں میں کمی کی ہدایت کی، وزیراعظم نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود مہنگائی کم نہ ہونے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے مشیر خزانہ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی۔عبدالحفیظ شیخ مہنگائی میں کمی کے لیے صوبوں سے رابطہ کریں گے۔

وفاقی کابینہ کو شوگر انکوائری رپورٹ کی سفارشات کی روشنی میں مستقبل کے لائحہ عمل اور متعلقہ اداروں کی جانب سے مزید کارروائی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ شوگر انکوائری کا مقصد ان وجوہات اور حقائق کو سامنے لانا تھا جن کی وجہ سے چینی کی قیمتوں میں اضافہ اورعوام پر غیر ضروری بوجھ ڈالا گیا،اس انکوائری اور سامنے آنے والے حقائق کی روشنی میں نظام میں موجود خامیوں کی درستگی کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے، اس کیلیے بین الوزارتی کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو مختلف پہلوؤں سے رپورٹ کا جائزہ لے گی اور موجودہ نظام بشمول ریگولیٹرز کے موثر کردار کے حوالے سے جامع اصلاحات کے لیے سفارشات مرتب کرے گی۔ ان اقدامات کا مقصد اس امر کو یقینی بنانا ہے کہ مستقبل میں عوام کو استحصال سے بچایا جاسکے۔

کابینہ کو گندم کی خریداری پربھی تفصیلی بریفنگ دی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ گندم کی طلب و رسد میں توازن کیلئے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو اس حوالے سے سفارشات مرتب اور فلور ملز سے متعلقہ معاملات میں اصلاحات کیلیے سفارشات تجویز کرے گی۔

وزیرِ اعظم نے سیکریٹری داخلہ کو اسمگلنگ کی روک تھام کیلیے قائم ٹاسک فورس کی سفارشات جلد از جلد پیش کرنے کی ہدایت کی۔فواد چوہدری، فیصل واوڈا اور مراد سعید نے گندم اسکینڈل کی رپورٹ کا فرانزک آڈٹ کرانے اور ذمہ داران کو سامنے لانے کا بھی مطالبہ کیا۔

اجلاس میں سابق وزیراعظم نوازشریف کا بھی تذکرہ ہوا اور ارکان نے کہا کہ نوازشریف ملک کو نقصان پہنچا کر بیرون ملک سیر کررہے ہیں۔

وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ایسا لگتا ہے نواز شریف جھوٹی میڈیکل رپورٹس کی بنیاد پر بیرون ملک گئے، نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس کے معاملے پر تحقیقات ہونی چاہئیں۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا نواز شریف میڈیکل رپورٹس کے جائزے کی ضرورت ہے، وزیراعظم اور وفاقی کابینہ نے احتساب کے عمل کو جاری رکھنے پراتفاق کیا۔

کابینہ کو پی آئی اے طیارہ حادثے، تحقیقات اور میتوں کی شناخت کے عمل پر بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیرِ اعظم نے کراچی میں پی آئی اے مسافر طیارے میں شہید ہونے والے افراد کے خاندانوں کے ساتھ دلی دکھ کا اظہار کیا۔

کابینہ نے فضائی حادثات کی تحقیقاتی رپورٹس منظر عام پرلانے کی منظوری دی۔ اجلاس میں کورونا پر بریفنگ کے دوران ارکان نے ارکان نے صحت کا بجٹ بڑھانے کی ضرورت پر زوردیا کابینہ کو ملک میں ٹڈی دل کی صورتحال، روک تھام کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔

این ڈی ایم اے حکام نے فصلوں پر ٹڈی دل کے حملے اور اس کیخلاف آپریشن پر بریفنگ دی۔ کابینہ نے یوٹیلٹی اسٹورز کی ملازمت کو لازمی سروسز کا حصہ قرار دینے کی منظوری اور ایشیائی ترقیاتی بینک کو اسلام آباد میں دفتر تعمیر کرنے کی اجازت دے دی۔

کابینہ نے محترمہ لبنیٰ فاروق ملک کو ڈائریکٹر جنرل فنانشل مانیٹرنگ یونٹ ،شکیل احمدمنگنیجو کو دسمبر 2020 ء تک چئیرمین پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن،مسعود نبی کو منیجنگ ڈائریکٹر گورنمنٹ ہولڈنگز (پرائیویٹ) لمیٹڈ تعینات کرنے، وسیم مختار(ایڈیشنل سیکرٹری پاور ڈویژن) کو چیف ایگزیکٹو آفیسر سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (گارنٹی) لمیٹڈ کا اضافی چارج دینے کی منظوری دیتے ہوئے وزارتِ پاور کو ہدایت کی کہ اس اسامی کو مستقل طور پر پُرکرنے کا عمل آئندہ تین ماہ میں مکمل کیا جائے۔

معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے وزیر اعظم کورونا ریلیف فنڈ کی مستحقین میں تقسیم میں پیش رفت کے حوالے سے آگاہ کیا۔ وزیرِ منصوبہ بندی نے کابینہ کو فیسکل سیکٹر اورمعاشی اعشاریوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ آئندہ بجٹ کے حوالے سے وزیراعظم نے وزرا کو ہدایت کی کہ موجودہ حالات اور معاشی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے وزارتوں اور سرکاری محکموں میں غیر ضروری اخراجات کم کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں