کراچی سینٹرل جیل میں کالعدم تنظیموں کے قیدیوں کا ٹیلیفونک نیٹ ورک فعال

کالعدم تنظیم کے قیدیوں کااپنے رہنماؤں سے مکمل طور پر رابطہ ہے، ان کی مدد سے جیل کا مکمل نقشہ بھی تیار کرلیا گیا۔


Raheel Salman December 07, 2013
جیل افسران کو کھلے عام دھمکیاں دی جاتی ہیں، کالعدم تنظیم نے جیل پر حملہ کرکے اپنے ساتھیوں کو چھڑانے کی دھمکی دیدی۔ فوٹو : فائل

CAP FREHE: سینٹرل جیل میں آئی جی جیل خانہ جات کی نااہلی اور انتظامی امور پر کمزور گرفت کے باعث کالعدم تنظیموں کے قیدیوں کا ٹیلی فونک نیٹ ورک بلا روک ٹوک جاری ہے، ارکان کا جیل سے باہر اپنے رہنماؤں سے مکمل طور پر رابطہ ہے اور ان کی مدد سے جیل کا مکمل نقشہ بھی تیار کرلیا گیا ہے۔

کالعدم تنظیم کے ارکان جیل افسران کو بھی دھمکیاں دے رہے ہیں، علاوہ ازیں کالعدم تنظیم نے سینٹرل جیل پر حملہ کرکے اپنے ساتھی ارکان کو چھڑانے کی دھمکی بھی دیدی، اس ضمن میں وزارت داخلہ نے جیل حکام کو باقاعدہ تحریری طور پر آگاہ کردیا ہے،مکتوب میں کہا گیا ہے کہ فوری طور پر سینٹرل جیل کے اطراف اور جیل کے اندر حفاظتی انتظامات مزید سخت اور موثر کیے جائیں، تفصیلات کے مطابق آئی جی جیل خانہ جات نصرت منگن کی سنگین نااہلی اور انتظامی امور پر کمزور گرفت کے باعث سینٹرل جیل میں کالعدم تنظیموں کے قیدیوں کے ٹیلی فونک رابطے بلا روک ٹوک جاری ہیں جس کی وجہ سے وہ نہ صرف باہر موجود اپنے رہنماؤں سے مکمل رابطے میں ہیں بلکہ ان ہی کی فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر جیل کا مکمل نقشہ بھی بنالیا گیا ہے۔

کالعدم تنظیموں کے ارکان جیل افسران کو کھلے عام دھمکیاں دیتے ہیں اور اس بات کا کھل کر اعتراف کرتے ہیں کہ ان کے ساتھی جلد ہی سینٹرل جیل پر حملہ کرکے انھیں چھڑا کر لے جائیں گے، ذرائع کا کہنا ہے کہ جیل انتظامیہ نے قیدیوں سے ملاقات پر آنے والے افراد سے دہرا رویہ اپنایا ہوا ہے ۔



جیل میں داخل ہوتے ہی تمام افراد سے موبائل فون قبضے میں لے لیے جاتے ہیں لیکن کالعدم تنظیموں کے ارکان کو بلا روک ٹوک موبائل فون پہنچادیے جاتے ہیں جس میں جیل افسران بھی ملوث ہیں، ذرائع نے مزید بتایا کہ آئی جی جیل خانہ جات نصرت منگن کی اس جانب متعدد مرتبہ توجہ مبذول کرائی گئی لیکن انھوں نے کوئی نوٹس نہیں لیا، ذرائع نے کہا کہ موجودہ صورتحال انتہائی تشویشناک اور سنجیدہ ہے ، قیدیوں کے رابطوں کے باعث کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ پیش آسکتا ہے۔

علاوہ ازیں کالعدم تنظیم نے سینٹرل جیل پر حملہ کرکے اپنے ساتھی ارکان کو چھڑانے کی دھمکی دیدی ہے، اس ضمن میں وزارت داخلہ نے جیل حکام کو باقاعدہ تحریری طور پر آگاہ کردیا ہے، علاوہ ازیں کالعدم تنظیم نے دھمکی دی ہے کہ وہ سینٹرل جیل پر حملہ کرکے اپنے ساتھی ارکان کو چھڑا لے جائیں گے، اس سلسلے میں سندھ کی وزارت داخلہ نے وزارت جیل خانہ جات کو تحریری طور پر آگاہ کردیا ہے ، مکتوب میں کہا گیا ہے کہ انصار الاسیر نامی تنظیم سینٹرل جیل پر حملہ کرنے کا منصوبہ بنارہی ہے جس کا مقصد اپنے ساتھی ارکان کو چھڑانا ہے ، وزارت داخلہ نے وزارت جیل خانہ جات اور سینٹرل جیل کے حکام کو واضح طور پر لکھا ہے کہ فوری طور پر سینٹرل جیل پر حفاظتی انتظامات مزید سخت کردیے جائیں، اضافی نفری تعینات کرتے ہوئے جدید ہتھیاروں سے لیس پولیس افسران و اہلکار تعینات کیے جائیں اور حملے سے نمٹنے کے لیے موثر مشقیں بھی کی جائیں، وزارت داخلہ نے مزید لکھا ہے کہ حملے کی صورت میں اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ اگر خدانخواستہ حملہ ہوتا ہے تو حملہ آور کسی بھی صورت قیدیوں کی بیرکس تک رسائی حاصل نہ کرسکیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں