ساڑھے6کروڑ کی خوردبرد تعلقہ سندھڑی کے4افسران پر مقدمات2گرفتار

اینٹی کرپشن میرپورخاص سرکل کی کارروائی، ملزمان کا 14 روزہ ریمانڈ حاصل کر لیا گیا، دیگر کی گرفتاری کیلیے چھاپے

اینٹی کرپشن عدالت سے دونوں بلدیاتی افسران کا 14 روزہ ریمانڈ حاصل کرکے مزید تفتیش شروع کر دی۔فوٹو ایکسپریس نیوز/فائل ۔

ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کے حکم پر سرکل آفیسر میرپورخاص نے ساڑھے 6 کروڑ روپے سے زائد سرکاری رقم خوردبرد کرنے کے الزام میں تعلقہ سندھڑی کے 4 بلدیاتی افسران کے خلاف مقدمات درج کرکے ٹاؤن آفیسر سندھڑی و ٹاؤن آفیسر کھپرو گرفتار کر لیا۔

پولیس نے ملزمان کا 14 روزہ کا ریمانڈ حاصل کرکے تفتیش شروع کر دی، دیگر2 ملزمان کی گرفتاری کیلیے چھاپے ۔تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر اینٹی کرپشن غلام حسین کے حکم پر اینٹی کرپشن میرپورخاص کے سرکل آفیسر انسپکٹر غلام محمد زرداری نے سندھڑی کی ٹاؤن کمیٹی میں ایک کروڑ 45 لاکھ 84 ہزار روپے کی سرکاری رقم خوردبرد کرنے کے الزام میں ٹاؤن آفیسر افضل حسین دایو اور سابق تعلقہ آفیسر فنانس سندھڑی و موجودہ ٹاؤن آفیسر کھپرو گوہر حسین پھلپھوٹو کیخلاف مقدمہ درج کرکے گرفتار کر لیا اور اینٹی کرپشن عدالت سے دونوں بلدیاتی افسران کا 14 روزہ ریمانڈ حاصل کرکے مزید تفتیش شروع کر دی۔




جبکہ انسپکٹر غلام محمد زرداری نے ٹاؤن کمیٹی سندھڑی میں 5 کروڑ 23 لاکھ 65 ہزار کی سرکاری رقم خوردبرد کرنے کے الزام میں سابق ٹاؤن آفیسر عابد حسین راجپراور سابق تعلقہ آفیسر فنانس سندھڑی افضل کیخلاف مقدمہ درج کرکے ملزمان کی گرفتاری کیلیے چھاپے مارنے شروع کردیے ہیں، رابطہ کرنے پر سرکل آفیسر اینٹی کرپشن نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ سندھڑی کی ٹاؤن کمیٹی میں سرکاری رقوم کو خوردبرد کرنے کے الزام میں مقدمات درج کرکے 2 بلدیاتی افسران کو گرفتار کرکے 14 روزہ ریمانڈ حاصل کرکے تفتیش شروع کر دی گئی جبکہ دوسرے مقدمے میں نامزد 2 بلدیاتی افسران کی گرفتاری کیلیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
Load Next Story