ایسٹ زون ٹارگٹ کلرز سمیت 10ملزمان گرفتار اسلحہ برآمد

گلشن اقبال میں پٹرول پمپ پر 42 لاکھ روپے کی ڈکیتی کے ملزمان بھی شامل ہیں

بینک ڈکیتی اور دیگر وارداتوں میں ملوث ملزمان اور ان سے برآمد کیا جانے والا اسلحہ صحافیوں کو دکھایا جارہاہے ۔ فوٹو : ایکسپریس

ایسٹ زون پولیس نے لیاری گینگ وار سے تعلق رکھنے والے ٹارگٹ کلرز اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث 10 ملزمان گرفتار کرلیے ۔

یہ بات ایس ایس پی ایسٹ پیر محمد شاہ نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ،ایس ایس پی ایسٹ نے بتایا کہ پولیس نے لیاری گینگ وار سے تعلق رکھنے والے 4 ٹارگٹ کلرز عبدالعزیز بلوچ ، غلام عباس عرف گوگلا ، محمد علی اور محمد عدنان اختر کو گرفتار کرکے ملزمان کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا ، انھوں نے مزید بتایا کہ ملزمان نے یکم دسمبر کو عزیز بھٹی کے علاقے میں لیاری ایکسپریس وے کے قریب ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر شعیب نامی کار سوار نوجوان کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا تھا ۔




ایس ایس پی ایسٹ پیر محمد شاہ نے مزید بتایا کہ ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث 6 ملزمان احمد سکندر ، ملک عارف ، محمد اقبال ، محمد جمیل عرف جمی ، محمد ناصر عرف بھورا اور محمد سلیمان عرف بلو کو گرفتار کرلیا ہے، ملزمان نے عید الاضحی کی تعطیلات کے دوران گلشن اقبال میں پٹرول پمپ پر 42 لاکھ روپے کی ڈکیتی کی تھی ، ملزمان 2 گھنٹے تک پمپ پر موجود رہے تھے، اس دوران ملزمان وردیاں پہن کر گاڑیوں میں پٹرول بھی ڈالتے رہے اور فرار ہوتے وقت تجوری بھی ہمراہ لے گئے تھے ، ملزمان نے اس کے علاوہ مختلف جیولری شاپس اور دیگر کئی دکانوں میں بھی ڈکیتی کی وارداتوں کا اعتراف کیا ہے ، ایس ایس پی ایسٹ کا کہنا تھا کہ ملزمان کے گروہ میں شامل دیگر کئی کارندے شامل ہیں جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں ۔
Load Next Story