تاجر کے اغوا اور تاوان لینے پر پولیس افسران کیخلاف مقدمہ درج کرانے کا حکم

تھانہ تیموریہ کے اے ایس آئی بابر نے تشددکیا ،ایک لاکھ روپے لیے، تھانہ ڈیفنس کے اے ایس آئی کے حوالے کردیا

مدعی محمد پرویز کے بیان کے مطابق پولیس افسران اوراہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے ،سیشن جج وسطی ۔ فوٹو : فائل

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج وسطی عالیہ انڑ نے تاجرکو اغوا اور تاوان وصول کرنے پر پولیس افسران و اہلکاروں کے خلاف مدعی کے بیان کے مطابق مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا ۔

تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹائون کے رہائشی محمد پرویز نے وکیل کے توسط سے ضابطہ فوجداری کے ایکٹ22/A کے تحت دائر درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ وہ ہوزری کا کاروبار کرتا ہے،پولیس کے مخبرکامران نے اسے کاروبار کے سلسلے میں بورڈ آفس بلوایا تھا وہاں پہنچتے ہی پولیس موبائل میں سوار اہلکار اسے موبائل میں اغوا کرکے لے گئے،3 روز تک مختلف تھانوں میں رکھا ، تھانہ تیموریہ کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر بابر نے اسے شدید تشدد کا نشانہ بنایا،ایک لاکھ روپے تاوان وصول کرکے اسے تھانہ ڈیفنس کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر عمران خانزادہ کے حوالے کردیا تھا ۔




جس نے اس سے پولیس مقابلے میں ہلاک کرنے کی دھمکی دیکر مقامی بینک سے اس کے اکائونٹ سے ایک لاکھ روپے نکلوائے اور اسے نیم بے ہوشی کی حالت میں ڈیفنس میں پھینک کر فرار ہوگئے تھے، تھانہ نارتھ ناظم آباد کو تمام حقائق اور تحریری درخواست دی تاہم اس نے بھی رقم بٹور کرپیٹی بند بھائیوں کے خلاف کارروائی کرنے سے انکار کردیا تھا، درخواست میں مذکورہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی استدعا کی گئی تھی ،عدالت نے دائر درخواست پر ایس ایچ او نارتھ ناظم آباد کو طلب کیا تھا تاہم وہ عدالت کو مطمئن نہ کرسکے، فاضل عدالت نے شدید برہمی کا اظہار کیا اور مدعی کے بیان کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا ۔
Load Next Story