پہلا ٹی 20 پاکستانی اسپنرزنےآسٹریلیا کوتگنی کاناچ نچا دیا

2،2 وکٹوں کا بٹوارا کرنے والے محمد حفیظ، سعید اجمل اور رضا حسن نے مجموعی طور پر52رنز دے کر 6 پلیئرز کو ٹھکانے لگایا


Sports Desk September 06, 2012
پہلا ٹوئنٹی 20 :آسٹریلوی بیٹسمین جارج بیلی کو آئوٹ کرنے پرمین آف دی میچ حفیظ کو ساتھی پاکستانی کھلاڑی شعیب ملک کی مبارکباد (فوٹو : ایکسپریس)

پہلے ٹوئنٹی 20 میچ میں پاکستانی اسپنرز نے آسٹریلیا کو تگنی کا ناچ نچا دیا۔

2،2 وکٹوں کا بٹوارا کرنے والے محمد حفیظ، سعید اجمل اور رضا حسن نے مجموعی طور پر6پلیئرز کو ٹھکانے لگایا، میڈیم پیسر سہیل تنویر نے بھی ان کا ساتھ دیتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں البتہ ان میں سے 2 ٹیل اینڈرز تھے۔

چوتھے اوور کے بعد کینگروز کو کوئی بائونڈری نصیب نہ ہوئی،19.3 اوورز میں 89 رنز پر اننگز کا اختتام ہوا،یہ مختصر طرز میں اس کا دوسرا کمترین اسکور ہے، اس سے قبل 2005 میں انگلینڈ کیخلاف 79 رنز پر ہتھیار ڈالے تھے، اوپنر ڈیوڈ وارنر 22 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، کیمرون وائٹ اور کپتان جارج بیلی ڈبل فیگر میں داخل ہونے والے دیگر پلیئرز تھے۔

گرین شرٹس نے آسان ہدف 14.5اوورز میں 3وکٹ پر حاصل کر کے 7وکٹ سے فتح کو گلے لگایا،کامران اکمل نے 31رنز ناٹ آئوٹ اسکور کیے، یہ باقی رہنے والی بالز کے لحاظ سے کینگروز کی بدترین شکست ہے ۔

تفصیلات کے مطابق ڈومیسٹک ٹوئنٹی 20 ایونٹس میں عمدہ پرفارم کرنے والے سیالکوٹ کے 20 سالہ لیفٹ آرم اسپنر رضا حسن کے ساتھ اوپنر ناصر جمشیدکو گرین شرٹس نے پہلے میچ میں ڈیبیو کا موقع دیا،عمر گل، شعیب ملک، عبدالرزاق اور عمران نذیر کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی، شاہدآفریدی انگلی میں تکلیف کے سبب باہر رہے، آسٹریلیا نے ون ڈے کے مین آف دی سیریز لیفٹ آرم پیسر مچل اسٹارک کو آرام دیتے ہوئے گلین میکسویل کو مختصر طرز کا پہلا میچ کھلایا۔

دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے حریف کو بیٹنگ کی دعوت دی، محمد حفیظ نے نئی گیند سنبھالی، شین واٹسن کے ایک چوکے کی بدولت پہلے اوور میں 8 رنز بنے، اگلا اوور سہیل تنویر سے کرانے کے بعد کپتان نے عمرگل کو گیند دی جنھوں نے شین واٹسن (8) کو ایل بی ڈبلیو کر دیا، اسکور میں ایک رن کے اضافے سے مائیک ہسی (1) نے سہیل تنویر کی گیند پر شعیب ملک کو کیچ تھما دیا، وارنر نے اسی اوور میں دو چوکے لگا کر ٹیم پر سے دبائو کم کرنے کی کوشش کی مگر اس کے بعد کینگروز بائونڈری کوترس گئے، وارنر (22) نے حفیظ کو ریٹرن کیچ دیا

10 ویں اوور کی پہلی گیند پر سنگل سے آسٹریلیا نے پاکستان کیخلاف اس طرز میں سب سے سست نصف سنچری مکمل کی، ایک گیند بعد ڈیوڈ ہسی (3) نے لانگ آن پر سعید اجمل کو کیچنگ پریکٹس کرائی، رضا حسن اولین وکٹ کے حصول پر خوشی سے پھولے نہ سمائے، کپتان جارج بیلی کی اننگز بھی 14 رنز تک محدود رہی، حفیظ کی گیند پر سلوگ سوئپ کرتے ہوئے انھوں نے ڈیپ اسکوائر لیگ پر عمراکمل کو کیچ دیا، میتھیو ویڈ (6) ڈیپ مڈ وکٹ پر عمران نذیر کا کیچ بنے اور رضا نے دوسری وکٹ اپنے نام کی۔

میکسویل (4)کو سعید اجمل نے ڈیپ اسکوائر لیگ پر موجود ناصر جمشید کی مدد سے میدان بدر کیا، اگلی گیند پر کیمرون وائٹ (15) بولڈ ہو گئے، آخری اوور میں سہیل تنویر نے کمنز (1) کو عمر اکمل کا کیچ بنوایا، اسی اوور میں ہلفنہاس (صفر) کا ڈائیو لگا کر کامران اکمل نے شاندار کیچ لیا، ڈوہرٹی 6 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے، سہیل تنویر نے تین وکٹوں کیلیے 13 رنز دیے، محمد حفیظ، سعید اجمل اور رضا حسن نے 2،2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔پاکستان نے جوابی اننگز کا آغاز میسکویل کے اوور میں 10 رنز لوٹ کر کیا۔

عمران نذیر نے ایک چوکا بھی لگایا، پانچویں اوور میں ٹیم کو پہلا نقصان اٹھانا پڑا جب حفیظ 17 رنز بنا کر چلتے بنے، شارٹ مڈ وکٹ پر ڈیوڈ ہسی نے کیچ وصول کیا،30 کے مجموعے پر یہ پہلی وکٹ کمنز کو ملی، ون ڈے میں بہتر کھیل پیش کرنیوالے ناصر جمشید کو ون ڈائون پوزیشن پر بھیجا گیا، انھوں نے دوسری ہی گیند کو بائونڈری کے پار پہنچایا تاہم اننگز 10 رنز سے آگے نہ بڑھا سکے، ناصر کو ہلفنہاس نے بولڈ کیا، چوتھے نمبر پر بیٹنگ کیلیے آنے والے کامران اکمل نے ماضی کی کچھ جھلک دکھاتے ہوئے میسکویل کو مسلسل دو چوکے اور پھر چھکا رسید کیا۔

دوسرے اینڈ پر موجود عمران نذیر22 رنز پر چلتے بنے، واٹسن کی فل ٹاس گیند انھوں نے وائٹ کے ہاتھوں میں پہنچائی، اس کے بعد کامران اور شعیب ملک نے کینگروز کو کوئی خوشی منانے کا موقع نہ دیا اور 14.4اوورز میں ٹیم کو ہدف تک پہنچا دیا، دونوں بالترتیب 31اور 9رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں