کراچی میں فائرنگ متحدہ کے کارکن سمیت6 افراد ہلاک

متحدہ کاکارکن سلیم انصاری لانڈھی میں فائرنگ کانشانہ بنا،ایف بی ایریامیں راج مستری قاسم ماراگیا


Staff Reporter December 07, 2013
کراچی:گزشتہ روز پاک کالونی میں قتل ہونےوالے تاجر کے جسدخاکی کو آخری آرام گاہ کی جانب لے جایا جارہا ہے۔فوٹو:پی پی آئی

شہرکے مختلف علاقوں میں فائرنگ اورپرتشدد واقعات میں متحدہ قومی موومنٹ کے کارکن سمیت6افرادہلاک ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق لانڈھی نمبرساڑھے3ایریا2-Cمیں جمعے کی صبح موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے45سالہ اسلم انصاری ہلاک ہو گیا، مقتول کی لاش جناح اسپتال لائی گئی ، ایس ایچ او لانڈھی ہارون کورائی نے بتایاکہ مقتول اسلم انصاری اسی علاقے میں مکان نمبر72کارہائشی تھا اور واردات کے وقت وہ گھرکے باہر بیٹھا تھاکہ موٹر سائیکل سوار2 نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر دی،مقتول متحدہ قومی موومنٹ کا کارکن اورجوتے بنانے کے کارخانے کامالک تھا۔فیڈرل بی ایریا بلاک11 لنڈی کوتل چورنگی کے قریب واقع غوثیہ مسجد والی گلی میں گھرکے باہرنامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے 45سالہ محمد قاسم ہلاک ہو گیا،مقتول راج مستری کا کام کرتا ہے اور اس کا کسی بھی سیاسی یا مذہبی جماعت سے تعلق نہیں تھا،آبائی تعلق پنجاب سے تھا۔سہراب گوٹھ صنعتی ایریا میں فلور مل کے چوکیدار نے جھگڑے کے دوران چوکیدار عمر حیات نے ٹھیکیدار 26سالہ برکت اﷲ کو فائرنگ کر کے ہلاک کردیاپولیس نے ملزم عمر حیات کو گرفتار کرلیا۔

نارتھ کراچی بلال کالونی میں موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے دکان کامالک 24 سالہ فرحان ہلاک ہوگیا،مقتول کی باکسر موبائل کمیونیکشن کی دکان ہے جس پر ایک موٹر سائیکل پر 3 ملزمان آئے اور فائرنگ کرکے فرارہوگئے،مقتول اسی علاقے کا رہائشی تھا۔کینٹ اسٹیشن پلیٹ فارم نمبر8 کے قریب جھاڑیوں سے 6 سے8 روز پرانی لاش ملی جس کی شناخت نہیں ہوسکی۔عبداﷲ کالج کے قریب موٹرسائیکل سوارملزمان نے کار میں جانے والے45سالہ دلاورکوفائرنگ کرکے زخمی کردیا اور فرار ہوگئے ،اسی علاقے میں فائرنگ کے دوسرے واقعے میں جنید نامی شخص گولی لگنے سے زخمی ہوگیا۔ادھرلیاری کے علاقے چاکیواڑہ نمبرایک گل محمد لائن میں گینگ وار کے ملزم نورمحمد عرف بابا لاڈلا کے ساتھیوں کی فائرنگ سے عذیر بلوچ گروپ کا کارندہ22 سالہ حسن بلوچ زخمی ہو گیا جس پرمخالف گروپ کے کارندوں نے 20سالہ مبشر کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا۔



چاکیواڑہ نمبرایک میں گینگ وارکے ملزمان کی فائرنگ کی زد میں آکر14سالہ رستم بلوچ زخمی ہو گیا۔لیاری کے علاقے شاہ ولی اﷲ روڈنیازی چوک کے قریب سے جمعرات کوملنے والی2ہاتھ پاؤں بندھی لاشوں میں سے ایک کی شناخت 26 سالہ مرتضیٰ علی کے نام سے کرلی گئی ،مقتول چاکیواڑہ نمبر ایک شاہ ٹیرس کارہائشی تھا جبکہ دوسری لاش کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔پیر آباد کے علاقے فرنٹیر موڑکے قریب واقع زاہدٹیلر کی دکان پر موٹر سائیکل سوار ملزمان کریکر پھینک کر فرار ہوگئے جوزور داردھماکے سے پھٹ گیا اوراس کی آواز دور تک سنائی دی جبکہ علاقہ مکین خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے ،کریکردھماکے سے ٹیلر کی دکان سمیت2دکانوں کونقصان پہنچاتاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔واقعہ بھتہ نہ دینے کاشاخسانہ ہے،پولیس مزیدتحقیقات کررہی ہے۔

گلستان جوہر کے علاقے جوہرموڑ کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 2 افراد عباس اور لیاقت شدید زخمی ہوگئے جنھیں نجی اسپتال لے جایا گیا۔ رات گئے ملنے والی اطلاعات کے مطابق اورنگی ٹاؤن کے علاقے ساڑھے7نمبرمیں موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا30 سالہ نعمان عباسی شہیداسپتال میں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں