حکومت نے کنٹونمنٹ بورڈز کے صدر کی نامزدگی کا اختیار فوج سے لے لیا

بلدیاتی الیکشن بھی بریگیڈیئر کے بجائے الیکشن کمیشن کرائے گا،بل قومی اسمبلی میں پیش

ترمیمی بل میں خواتین کی نشستیں کم، 2ٹیکنوکریٹ،یوتھ نشستیں تخلیق۔ فوٹو؛ فائل

ملک بھرکے کنٹونمنٹ بورڈزمیں بلدیاتی انتخابات کرانے کے لیے ترمیمی بل2013 میں چند اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں، مسلح افواج کے سربراہان کا کنٹونمنٹ بورڈکے صدرکی نامزدگی کااختیار ختم کردیا گیا۔

کنٹونمنٹس میں بلدیاتی انتخابات کے نئے مسودہ قانون کے تحت اب صدرکا تقرر حکومت کرے گی جبکہ انتخابات حاضر سروس بریگیڈیئرکے بجائے الیکشن کمیشن کرائیگا۔ کنٹونمنٹ بورڈز ترمیمی بل2013 قومی اسمبلی میں پیش کردیا گیاجہاں اب اس کی قسمت کا فیصلہ متعلقہ قائمہ کمیٹی کرے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مجوزہ قانونی مسودے کی تیاری کے وقت وزارت دفاع کے حکام نے اپنے اعتراضات کا اظہارکیا تھا ۔کینٹ بورڈزکے پرانے قانون میں ترمیم کرتے ہوئے کنٹونمنٹ بورڈکے صدرکی نامزدگی کا اختیارحکومت کو تفویض کردیا گیا ہے۔پرانے قانون میںکسی بھی کنٹونمنٹ بورڈکے صدرکی نامزدگی مجاز اتھارٹی آرمی، بحریہ، فضائیہ کے سربراہ یا چیئرمین پاکستان آرڈنینس فیکٹری واہ کرتے تھے اور حکومت صرف ڈاکخانہ کاکردار ادا کرتے ہوئے صدرکی تقرری کردیتی تھی۔نئے مسودہ قانون کے مطابق مسلح افواج کے سربراہان اور چیئرمین پی اوایف کا یہ اختیار ختم کردیا گیا ہے۔




کنٹونمنٹ بورڈکا صدر اگرچہ مسلح افواج کا ہی افسر ہوگا تاہم اس کا انتخاب حکومت کرے گی۔یہ افسر اسٹیشن کمانڈر یا پھرکوئی اور فوجی افسر ہوسکتا ہے۔نئے مسودہ قانون میں خواتین کے کوٹے میں کمی کی گئی ہے۔ پرانے قانون کے تحت کنٹونمنٹ بورڈکی ہریونین میں خواتین کی نمائندگی مجموعی تعدادکا33 فیصد تھی تاہم ترمیمی مسودہ قانون میں بالواسطہ صرف2 خواتین کی نشستیں ہوںگی۔ پہلی بارکنٹونمنٹ بورڈ میں ٹیکنوکریٹ اور یوتھ کیلیے بھی ایک ایک سیٹ رکھی گئی ہے۔نئے مسودہ قانون کے تحت ہریونین میں2 خواتین، ایک کسان دیہی علاقوں سے اور ایک مزدور شہری علاقوں سے، ایک غیر مسلم رکن اور ایک نوجوان رکن کا بلاواسطہ انتخاب کیا جائیگا۔یونین کونسل کا چیئرمین، وائس چیئرمین اور اراکین بالغ حق رائے دہی اور مشترکہ انتخابی نظام کے ذریعے منتخب کیے جائیں گے۔

نئے مسودہ قانون کے تحت دہری شہریت رکھنے والے پرکنٹونمنٹ بورڈکے بلدیاتی انتخاب میں حصہ لینے پر پابندی عائد کردی گئی ہے ۔کنٹونمنٹ بورڈز میں جہاں بلدیاتی انتخابات پہلے حاضر سروس بریگیڈیئرکرایا کرتے تھے اب حکومت نے اس سارے عمل میں حقیقی جمہوری روح پھونکتے ہوئے انتخابات کرانے کا اختیار الیکشن کمیشن کو دیدیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق نئے مسودہ قانون کی تیاری میں حکومت اور اپوزیشن میں بھی رابطے ہوئے اور مذکورہ اہم فیصلے مشاورت کے بعدکیے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے قانون کی تیاری حکومت اورعسکری حکام میں اتفاق رائے پیدا نہ ہونے کے باعث التواکا شکارہوئی تھی۔
Load Next Story