عامرسہیل کو بابر اعظم کی بیٹنگ میں ’’ہلکا سا جھول‘‘ مل گیا

بولڈ یا ایل بی ڈبلیو ہونے کے خوف سے کریز پر موومنٹ محدود ہوتی ہے


Sports Reporter June 08, 2020
پی سی بی کپتان کے ساتھ سرفراز احمد جیسا سلوک نہ کرے، سابق اسٹار۔ فوٹو: فائل

سابق کپتان عامرسہیل کوبابراعظم کی بیٹنگ میں ''ہلکا سا جھول'' مل گیا، ان کے مطابق نوجوان کرکٹر کوسنگلز اور ڈبلز لینے کا ہنر بھی سیکھنا ہوگا۔

ایک انٹرویو میں عامر سہیل نے کہاکہ بابر اعظم کی تکنیک میں ایک ہلکا سا جھول موجود ہے، بولڈ یا ایل بی ڈبلیو ہونے کے خوف سے ان کی کریز پر موومنٹ محدود ہوتی ہے، اگر وہ اس خامی پر قابو پا لیں تو گیند کھیلنے کیلیے اچھی پوزیشن میں آکر بولرز پر حاوی اور مزید بہتر بیٹسمین ثابت ہو سکتے ہیں، مجھے امید ہے کہ ہیڈ کوچ مصباح الحق نے پہلے ہی اس مسئلے کو نوٹ کرلیا ہوگا،وہ اس پر کام کریں گے تو بابر اعظم حریف ٹیموں کے لیے پہلے سے زیادہ بڑا خطرہ ثابت ہوں گے۔

انھوں نے کہا کہ پی سی بی کو بابر اعظم کے ساتھ سرفراز احمد جیسا سلوک کرنے سے گریز کرنا ہوگا، اگر نوجوان بیٹسمین کو ذمہ داری دی تو مکمل سپورٹ بھی کریں، ہر کھلاڑی پر اچھا بْرا وقت آتا ہے، یہ درست نہیں کہ آپ اسے بے کار چیز سمجھ کر پھینک دیں،بابر اعظم کی ناکامیوں کو بھی قبول کرنا ہوگا تاکہ اعتماد منتشر نہ ہو۔

سابق کپتان نے نوجوان بیٹسمین کو مشورہ دیا کہ بیٹنگ کرتے ہوئے قیادت کا حق ادا کریں، ڈریسنگ روم کا ماحول خوشگوار اور خود کو ہر طرح کی سیاست سے دور رکھیں۔ انھوں نے کہا کہ نوجوان بیٹسمین کے 40 فیصد رنز باؤنڈریز کے ذریعہ بنتے ہیں،ہر میچ میں جارحانہ اسٹروکس کھیلنے کا موقع نہیں ملتا مگر اسکور بورڈ کو متحرک رکھنا ضروری ہوتا ہے، اگر نوجوان بیٹسمین سنگلز اور ڈبلز لینے کے ہنر میں بہتری لائیں تو ان سمیت ٹیم کے لیے بھی اچھا ہوگا۔

یاد رہے کہ بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی عالمی رینکنگ میں سرفہرست، ون ڈے میں تیسرے اور ٹیسٹ میں پانچویں نمبر پر ہیں، حیران کن بات یہ ہے کہ اس کے باوجود ان کی تکنیک بہتر بنانے کیلیے مشورے دینے والوں کی کوئی کمی نظر نہیں آتی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں