پنجاب حکومت سے کامیاب مذاکرات کے بعد مولانا شمس الرحمان کی نماز جنازہ ادا ملک بھر میں احتجاج

مولانا شمس الرحمان معاویہ کی نمازجنازہ مال روڈ پر مسجدشہدا کے باہر ادا کی گئی۔

مولانا شمس الرحمان معاویہ کو گزشتہ روز فائرنگ کرکے جاں بحق کردیا گیا تھا، فوٹو: ایکسپریس نیوز

پنجاب حکومت سے کامیاب مذاکرات کے بعد اہلسنت والجماعت کے صوبائی سربراہ مولانا شمس الرحمان کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے دوسری جانب ان کے قتل کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج کیا گیا۔

گزشتہ روز لاہور میں نامعلوم افراد کے ہاتھوں جاں بحق ہونے والے مولانا شمس الرحمان معاویہ کی میت کو مال روڈ پر لایا گیا جہاں مشتعل کارکنان کی بڑی تعداد نے میت پنجاب اسمبلی کے سامنے رکھ کر احتجاجی دھرنا دے دیا، جہاں کئی گھنٹوں تک کارکن احتجاج کرتے رہے، اس دوران شرکا نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی اور قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے پولیس اور ایلیٹ فورس نے مال روڈ سے ملحقہ تمام راستے خاردار تاروں سے بند کر دئیے جبکہ مال روڈ ، ہال روڈ، انار کلی اور دیگر مارکیٹیں اور بازاروں کو بھی بند کردیا گیا۔ سی سی پی او آفس میں مولانا اورنگزیب فاروقی کی سربراہی میں اہل سنت والجماعت کے وفد نے صوبائی وزیر بلال یاسین، خواجہ سلمان رفیق، سیف الملوک کھوکھر اور دیگر شخصیات پر مشتمل حکومتی ٹیم سے مذاکرات کئے، اس موقع پر پنجاب حکومت نے انہیں مولانا شمس الرحمان کے قاتلوں کی گرفتاری کی یقین دہانی کرائی، مذاکرات کی کامیابی کے بعد مولانا شمس الرحمان کی نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں مرحوم کے لواحقین اور اہل سنت والجماعت کی قیادت کے علاوہ بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔


دوسری جانب مولانا شمس الرحمن کے قتل کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں اہلسنت الجماعت کے کارکنوں نے احتجاج کیا، راولپنڈی اور اسلام آباد کو ملانے والے فیض آباد انٹرچینج بند ہونے کی وجہ سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ مظاہرین نے مری روڈ اور کشمیر ہائی وے کو بھی بلاک کردیا تھا جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ گوجرانوالہ میں بھی احتجاجی ریلی نکالی گئی جس سے جی ٹی روڈپر ٹریفک بلاک ہوگئی۔ شیخوپورہ میں بھی مظاہرہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ خیبر پخونخوا، بلوچستان اور سندھ کے مختلف شہروں میں بھی احتجاج کیا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور کے رنگ روڈ پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے اہلسنت والجماعت کے صوبائی صدر مولانا شمس الرحمان معاویہ کوقتل کردیا تھا جس کے بعد اہلسنت والجماعت کی جانب سے ہفتے کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا گیا تھا۔
Load Next Story