خلیجی ممالک میں 35 ہزار فوجی اورطیارہ بردارجہاز تعینات رہیں گے امریکا

فوجیوں کے علاوہ ٹینکس، اپاچی ہیلی کاپٹرز، ایک طیارہ بردار ایئر کرافٹ سمیت 40 بحری جہاز بھی خطے میں موجود ہیں، چک ہیگل

پینٹاگون خلیج تعاون کونسل میں شامل ممالک کے میزائل ڈیفنس سسٹم کو بہتر بنانے کے لئے تعاون جاری رکھے گا۔ فوٹو: رائٹرز

امریکی وزیر دفاع چک ہیگل نے کہا ہے کہ امریکا ایران سے جوہری توانائی کی معاہدے کے باوجود خلیجی ریاستوں میں تعینات 35 ہزار فوجی تعینات رکھے گا۔


غیرملکی خبررساں ایجنسی کے بحرین کے دارالحکومت مناما میں ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چک ہیگل کا کہنا تھا کہ امریکا کا ایک بحری بیڑا اور لڑاکا جنگی جہاز خلیجی ممالک میں موجود ہیں اور ایران سے جوہری توانائی کے معاہدے کے باوجود امریکا اپنے فوجیوں کی اس خطے میں تعینات رکھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ 10 ہزار فوجیوں سمیت امریکا کی بحری اور فضائی افواج کے 35 ہزار اہلکارخلیجی ریاستوں میں تعینات ہیں، اس کے علاوہ ٹینک، اپاچی ہیلی کاپٹرز، ایک طیارہ بردار ایئر کرافٹ سمیت 40 بحری جہاز، میزائل ڈیفنس سسٹم، جدید ریڈار، جاسوس ڈرونز اور ایف 22 سمیت جدید لڑاکا طیارے بھی تعینات ہیں جو کہ مختصر سے نوٹس پر حملہ کرنے اور دشمن کو جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ چک ہیگل کا کہنا تھا کہ پینٹاگون خلیج تعاون کونسل میں شامل ممالک کے میزائل ڈیفنس سسٹم کو بہتر بنانے کے لئے تعاون جاری رکھے گا۔

واضح رہے کہ سعودی عرب سمیت بیشتر عرب ممالک نے امریکا اور دیگر بڑی طاقتوں کی جانب سے ایران کے ساتھ ہونے والے جوہری پروگرام کے معاہدے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے خطے اور دینا کے لئے خطرہ قرار دیا تھا۔
Load Next Story