پشاور میں تخریب کاری کا منصوبہ ناکام 8 دہشت گرد گرفتار

ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم لشکر اسلام، جماعت الاحرار اور داعش سے ہے، سی سی پی او


ویب ڈیسک June 09, 2020
گرفتار ملزمان میں سے ایک کا تعلق افغانستان سے ہے، پولیس حکام۔ فوٹو، فائل

پولیس نے شہر میں تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے 8 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔

سی سی پی او محمد علی گنڈا پور کے مطابق گرفتار ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم لشکر اسلام، جماعت الاحرار اور داعش سے ہے اور یہ پشاور میں دہشت گردی کی کارروائیوں کی منصوبندی کررہے تھے۔ چار دہشت گردوں کو پولیس مقابلہ کے بعد حراست میں لیا گیا اور بعد ازاں ان کی نشاندہی پر مزید چار دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا۔

گرفتار دہشت گردوں میں لیاقت، خان اکبر، عاکف، واجد، نندار علی، حسین شاہ، محمد زمان اور معراج الدین شامل ہیں۔ ان میں سے ایک کا ہمسایہ ملک افغانستان جبکہ دیگر کا تعلق ضلع خیبر سے ہے۔ان کے قبضے سے چار دستی بم، کلاشنکوف اور چار پستول برآمد ہوئے ہیں۔ علاوہ ازیں تحریب کاری میں استعمال ہونے والے دو موٹر سائیکل اور ایک موٹر کار بھی برآمد کرلی گئی ہیں۔ دہشت گردوں سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق زیر حراست دہشت گرد 14 جنوری اور 23 فروری کو کارخانو چیک پوسٹ پر ہینڈ گرنیڈ حملے، یکم مئی کو متنی میں تاجروں کے گھر اور بھٹہ خشت پر ہینڈ گرنیڈ حملےاور 10 مئی کو بھانہ ماڑی میں حملے کی کارروائیاں کرچکے ہیں۔ گرفتار کیے گئے دہشت گردبھتہ خوری کی سرگرمیوں میں بھی ملوث ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں