گیند کو تھوک سے چمکانے پر 5 رنزکی پنالٹی عائد

ہر اننگز میں اضافی ریویو ملے گا،ٹیسٹ میں کورونا متبادل پلیئر کی اجازت


Sports Desk June 10, 2020
ہر اننگز میں اضافی ریویو ملے گا،ٹیسٹ میں کورونا متبادل پلیئر کی اجازت۔ فوٹو:فائل

گیند کو تھوک سے چمکانے پر 5 رنز کی پنالٹی عائد ہوگی جب کہ کم تجربہ رکھنے والے امپائرز کی وجہ سے ٹیموں کو ہر اننگز میں اضافی ریویو ملے گا۔

حال ہی میں کرکٹ کمیٹی نے مختلف اقدامات کی سفارش کردی تھی، کونسل نے واضح کیا ہے کہ پلیئنگ کنڈیشنز میں عارضی تبدیلیوں کا اطلاق ون ڈے اور ٹوئنٹی کرکٹ میں نہیں ہوگا۔

گیند کو تھوک سے چمکانے پر پابندی کے حوالے سے آئی سی سی نے واضح کیا کہ شروع میں اگر کسی پلیئر نے ایسا کیا تو امپائرز نرمی سے معاملے کو سلجھائیں گے، بعد میں اگر ایسا ہوتا رہا تو پھر ٹیم کو وارننگ دی جائے گی،اگرکوئی ٹیم ایک اننگز میں 2 وارننگز پر بھی باز نہیں آتی تو پھر5 رنز کی پنالٹی عائد ہوگی جبکہ امپائرز کھیل دوبارہ شروع کرنے سے قبل گیند کو صاف کرنے کی ہدایت بھی کریں گے۔

کورونا وائرس کی وجہ سے ہی نیوٹرل امپائرز کی پابندی وقتی طور پر ختم کردی گئی،جس کی وجہ سے مقامی آفیشلز کا تقرر کیا جا سکے گا، آئی سی سی نے مقامی امپائرز کے کم تجربے کے پیش نظر ٹیموں کو ہر اننگز میں ایک اضافی ریویو بھی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ کورونا کی علامات ظاہر ہونے پر متبادل کھلاڑیوں کو لینے کی اجازت ہوگی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں