مسئلہ کشمیربات چیت سے ہی حل ہوسکتا ہے کیونکہ جنگ سے کبھی مسائل حل نہیں ہوتے عمران خان

بھارتی عوام نے نریندر مودی کو اپنا سربراہ منتخب کیا تو تحفظات کے باوجود ہم بھی انہیں قبول کریں گے، سربراہ تحریک انصاف


ویب ڈیسک December 07, 2013
انقلاب کے لئے ہمیں سب سے پہلےغربت ختم کرنا ہوگی، عمران خان۔ فوٹو:فائل

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کہتے ہیں کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مسئلہ کشمیر سب سے اہم ہے جسے حل کرنے کے لئے دونوں ملکوں کو مذاکرات کی میز پر آنا ہوگا کیونکہ جنگ سے کبھی مسائل حل نہیں ہوتے۔

نئی دہلی میں بھارتی روزنامے کے زیر اہتمام سیمینار سے خطاب اور مختلف سوالات کے جواب دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پاکستانی نوجوان بھارت سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں،دونوں ممالک کی آبادی کی اکثریت غربت کی آگ میں جل رہی ہے اور انقلاب کے لئے ہمیں سب سے پہلے غربت ختم کرنا ہوگی۔

تحریک انصاف کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ممبئی حملوں کے وقت پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی تھے انہوں نے انہیں اس وقت کی صورت حال سے آگاہ کیا اور بتایا کہ کس طرح دونوں ممالک کے درمیان تیزی سے بحال ہوتے تعلقات ایک بار پھر کشیدہ ہوگئے، انہوں نے کہا کہ ممبئی حملوں کے مجرموں کو کٹہرے میں لایا جائے، پاکستان میں ایک بھی ایسا شخص نہیں جو دہشت گردی کے ان واقعات میں ملوث افراد کو سزا نہ دلوانا چاہتا ہو۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ بی جے پی کی جانب سے نریندر مودی کو وزارت عظمیٰ کے لئے امیدوار کے طور پر نامزد کیا گیا ہے، نریندر مودی پر ہمیں تحفظات ہیں لیکن اگر بھارت کے عوام انہیں منتخب کرتے ہیں تو پاکستان بھی انہیں خوش آمدید کہے گا کیونکہ ماضی میں بی جے پی کے وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کی جانب سے مسائل کے لئے حل کے لئے جو اقدامات اٹھائے گئے تھے وہ آج بھی اچھے لفظوں میں یاد کئے جاتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں