ملائیشیا نے رواں سال اپنے شہریوں کو حج پر جانے سے روک دیا

رواں سال تقریباً 30 ہزار شہریوں نے حج پر جانا تھا تاہم وہ اب حج میں شرکت نہیں کرسکیں گے، وزارت مذہبی امور


ویب ڈیسک June 12, 2020
رواں سال تقریباً 30 ہزار شہریوں نے حج پر جانا تھا تاہم وہ اب حج میں شرکت نہیں کرسکیں گے، وزارت مذہبی امور

ملائیشیا نے کورونا وبا کے پیش نظر رواں سال اپنے شہریوں کو حج پر جانے سے روک دیا۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ملائیشیا کی جانب سے یہ بیان جاری کیا گیا ہے کہ رواں سال تقریباً 30 ہزار شہریوں نے حج پر جانا تھا تاہم وہ اب حج میں شرکت نہیں کرسکیں گے، یہ اقدام کورونا وائرس کی عالمی وبا کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

ملائیشیا کے وزیر مذہبی امور نے کہا کہ ہم نے یہ فیصلہ اپنے مسلم اور پڑوسی ملک انڈونیشیا کے حج سے متعلق اقدامات پر عمل کرتے ہوئے کیا ہے، امید ہے کہ اس سال حج پر جانے والے عازمین حکومت کے اس فیصلے کو تسلیم کریں گے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ سعودی عرب کا رواں برس صرف "علامتی تعداد" کو حج کی اجازت دینے پر غور

خیال رہے ملائیشیا اور انڈونیشیا سمیت مسلم ممالک ہر سال ہزاروں کی تعداد میں اپنے شہریوں کو حج کے لیے بھیجتے ہیں تاہم اس بار کورونا وبا کے پھیلاؤ کے خدشے کو مدنظر رکھتے ہوئے ملائیشیا اور انڈونیشیا کی جانب سے اپنے شہریوں کو حج پر نہ بھیجنے کا اعلان سامنے آیا ہے۔

ادھر کورونا وبا کو مدنظر رکھتے ہوئے سعودی عرب بھی رواں سال عازمین حج کی تعداد مختصر کرنے اور علامتی تعداد کو حج اجازت دینے پر غور کررہا ہے تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ ابھی نہیں کیا گیا ہے۔

واضح رہے ملائیشیا سے پہلے آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑا مسلم ملک انڈونیشیا رواں سال اپنے شہریوں کو حج پر نہ بھیجنے کا اعلان کرچکا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں