بجٹ میں عام آدمی کو صرف اور صرف تکلیف دی گئی بلاول

یہ پی ٹی آئی ایم ایف کا ایک عوام دشمن بجٹ ہے جس میں عام آدمی کو کوئی ریلیف نہیں ملا، چیئرمین پیپلز پارٹی


ویب ڈیسک June 12, 2020
یہ پی ٹی آئی ایم ایف کا ایک عوام دشمن بجٹ ہے جس میں عام آدمی کو کوئی ریلیف نہیں ملا، چیئرمین پی پی پی۔ فوٹو:فائل

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ بجٹ میں عام آدمی کو صرف اور صرف تکلیف دی گئی۔

وفاقی بجٹ پر بیان دیتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ان دنوں ملک تاریخی چیلنجز کا سامنا کررہا ہے، کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے آج ہر پاکستانی کی جان خطرے میں ہے، 25 برس بعد ملک میں ٹِڈی دَل کا سب سے بڑا حملہ ہماری زراعت، فوڈ سیکیورٹی اور معیشت کے لیے بڑا خطرہ ہے لیکن پی ٹی آئی کے بجٹ میں ملک کو درپیش خطرات کو کوئی اہمیت نہیں دی گئی۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ حکومت نے مایوس کن اور ایک روایتی بجٹ پیش کیا، یہ پی ٹی آئی ایم ایف کا ایک عوام دشمن بجٹ ہے، جس میں عام آدمی کو کوئی ریلیف نہیں ملا، اگر ریلیف ملا ہے تو امیر طبقے کو ملا ہے، جب کہ عام آدمی کو صرف اور صرف تکلیف دی گئی ہے۔

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشنز تک میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا، ہم نہیں چاہتے کہ کرونا وائرس کی وجہ سے ہمارے بزرگ اپنے گھروں سے باہر نکلیں، اس وقت ہمیں اپنے بزرگوں کو پنشن میں اضافہ کرکے ریلیف پہنچانا چاہئیے تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں ہر پاکستانی مزدور، غریب اور کسان کو بجٹ میں تحفظ اور ریلیف فراہم کرنا چاہیے تھا، اگلی صفوں پر لڑنے والے طبی عملے کے لیے خصوصی اعلانات کرنے چاہیے تھے، افسوس کے ساتھ کہنا پڑرہا ہے کہ بجٹ میں کوئی ریلیف نظر نہیں آیا، پیپلز پارٹی بجٹ کو مکمل طور پر مسترد کرتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں