آباد کا بجٹ میں تعمیراتی شعبے کیلیے مراعات کا خیر مقدم

کچھ لوگ بجٹ کو روایتی کہیں گے، موجودہ صورت حال میں ہمیں سراہنا چاہیے

کورونا کے باعث معاشی اہداف میں کمی کے سوا کوئی راستہ نہیں، محسن شیخانی ۔ فوٹو : فائل

ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز آف پاکستان (آباد) نے تحریک انصاف کی حکومت کی جانب سے نئے مالی سال کے بجٹ کا خیر مقدم کیا ہے اور خاص طور پر تعمیراتی شعبے کیلیے دی گئی مراعات کو سراہا ہے ۔

ایکسپریس سے بات کرتے ہوئے آباد کے چیئرمین محسن شیخانی نے تمام بجٹ ناقدین سے کہا کہ اس وقت پاکستان اور دنیا بھر کو غیر معمولی حالات درپیش ہیں اور ایسے حالات سے نمٹنے پر حکومت کو سراہنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ کورونا نے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر کی معیشتوں کو نقصان پہنچایا ہے اور دنیا کے سارے ممالک معاشی سست روی اور کساد بازاری کا شکار ہوئے ہیں، بے روزگاری بڑھی ہے اور بہت سے کاروبار بند ہوگئے ہیں اور ایسی معیشتیں جو خاص طور پر سیاحت پر انحصار کرتی تھیں وہ بالکل تباہ ہوگئی ہیں۔


ایسی صورت حال میں حکومت کچھ زیادہ کر بھی نہیں کرسکتی تھی اور ہمارے پاس اس کے سوا کوئی راستہ نہیں تھا کہ ہم اپنے معاشی اہداف میں کمی کرلیں کم جب یہ کورونا کی وبا ختم نہیں ہوجاتی۔ انھوں نے مزید کہا کہ کچھ لوگ اسے روایتی بجٹ کہیں گے موجودہ صورت حال میں ہمیں اسے سراہنا چاہیے۔محسن شیخانی کا کہنا تھا کہ ایک ایسے وقت میں جب سب لوگوں کو اپنی صحت کی فکر لاحق ہے ایسے میں معاشی سرگرمیوں کا محدود ہونا قدرتی امر ہے اور ایسی غیر یقینی صورت حال میں کوئی بھی مکان خریدنے کے بارے میں نہیں سوچے گا۔

ایسی صورت حال میں تجارتی سرگرمیاں بحال کرنے کے لیے ضروری ہے کہ حکومت عوام کو قرض کی سہولت فراہم کرے ، اس سے نہ صرف عوام کو فائدہ ہوگا بلکہ بیرون ملک سے بیروزگار ہو کر وطن واپس آنے والے افراد بھی مستفید ہوسکیں گے۔

انھوں نے مزید کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ اس راہ میں حائل بے جا رکاوٹوں کا خاتمہ کرے۔ ہم حکومت کی اعانت کی بھرپور کوشش کررہے ہیں اور ہم ملک میں صورت حال کو بہتر بنانا چاہتے ہیں لیکن پاکستان اس وقت کسی بھی پروجیکٹ کو شروع کرنے سے قبل بہت سے مشکلات کا سامنا ہے لہذا حکومت کو چاہیے کہ وہ طویل المدت کی بنیاد پر اقدامات تجویز کرے۔
Load Next Story