سیکیورٹی خدشات عزیر بلوچ سینٹرل جیل سے رینجرز کی سب جیل منتقل

سب جیل کے ایڈمنسٹریٹو معاملات جیل حکام جبکہ اس کی سیکیورٹی رینجرز اور سندھ پولیس سنبھالے گی


Staff Reporter June 13, 2020
سب جیل کے ایڈمنسٹریٹو معاملات جیل حکام جبکہ اس کی سیکیورٹی رینجرز اور سندھ پولیس سنبھالے گی (فوٹو : انٹرنیٹ)

لیاری گینگ وار کے سربراہ عزیر بلوچ کو سخت سیکیورٹی میں کراچی سینٹرل جیل سے رینجرز کی سب جیل مٹھا رام ہاسٹل منتقل کردیا گیا۔

ایکسپریس کے مطابق لیاری گینگ وار کے سربراہ عزیر بلوچ کو رینجرز کی مٹھا رام ہاسٹل منتقل کردیا گیا۔ مٹھا رام ہاسٹل کو سب جیل کا درجہ حاصل ہے۔ سندھ حکومت نے یہ اقدام سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر اٹھایا ہے۔

اس سلسلے میں محکمہ داخلہ کی جانب سے چند روز قبل حکم نامہ بھی جاری کیا گیا تھا جس میں جیل حکام کو کہا گیا تھا کہ عزیر بلوچ کی سینٹرل جیل میں موجودگی سیکیورٹی خدشات کا باعث بن رہی ہے لہذا اسے سب جیل رینجرز مٹھا رام ہاسٹل منتقل کیا جائے۔

عزیر بلوچ کی منتقلی کے بعد سب جیل کے ایڈمنسٹریٹو معاملات جیل حکام جبکہ اس کی سیکیورٹی رینجرز اور سندھ پولیس سنبھالے گی۔ حکم نامے کی تعمیل کرتے ہوئے جیل حکام نے لیاری گینگ وار کے سربراہ عزیر بلوچ کو سب جیل منتقل کردیا۔ منتقلی کے وقت سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

ایکسپریس کے رابطہ کرنے پر کراچی سینٹرل جیل کے سینئر سپرنٹنڈنٹ محمد حسن سہتو نے عزیر بلوچ کی منتقلی کی تصدیق کی۔ واضح رہے کہ عزیر بلوچ پر قتل، اقدام قتل، دہشت گردی، اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری اور دیگر کئی سنگین جرائم میں ملوث ہونے پر 50 سے زائد مقدمات درج ہیں۔

گرفتاری کے کچھ عرصے بعد سے ہی وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تحویل میں تھا۔ حال ہی میں عزیر بلوچ کو عمرقید کی سزا سنائی گئی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں