پی ٹی آئی ایم ایف بجٹ ملکی معیشت کو سونامی کی طرح تباہ کر دے گا بلاول بھٹو

بجٹ کے اعدادوشمار اس بات کا اظہار ہیں کہ ملک کو تباہی کی سمت ڈال دیا گیا ہے، بلاول بھٹو


ویب ڈیسک June 13, 2020
پی ٹی آئی ایم ایف بجٹ ہماری معیشت کو سونامی کی طرح تباہ کردے گا، چیئرمین پی پی پی ۔ فوٹو:فائل

ISLAMABAD: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ایم ایف بجٹ ہماری معیشت کو سونامی کی طرح تباہ کر دے گا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں پی پی پی اراکین پارلیمان کا زرداری ہاؤس میں ویڈیو لنک اجلاس ہوا، پاکستان کی معیشت کا 70 فیصد انحصار زراعت پر ہے، لیکن بجٹ میں کورونا وائرس کی وباء اور ٹِڈی دَل کے حملوں کو نظرانداز کردیا گیا، حکومتی بجٹ سے شعبہ صحت اور شعبہ زراعت کو تباہ کن نقصانات ہوں گے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ طبی عملے، تنخواہ دار طبقے، پنشنرز اور پسماندہ افراد کو نظرانداز کیا گیا، دنیا اپنے بزرگوں کے گھر پر رہنے کی تدابیر کررہی ہے اور ہم انہیں گھر سے نکالنے کی صورت پیدا کررہے ہیں، اگر اس کے خلاف عوام نے مزاحمت نہ کی تو غربت اور قحط جیسی صورت حال کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ پی ٹی آئی ایم ایف بجٹ دراصل اشرافیہ کے لئے تیار کیا گیا ہے، جس میں عام آدمی اور غریبوں کے لئے کوئی ریلیف نہیں ہے، سلیکٹڈ وزیراعظم عوام سے اس بات کا انتقام لے رہے ہیں کہ انہیں ووٹرز نے حق رائے دہی کا استعمال کرکے منتخب کیوں نہیں کیا، پی ٹی آئی ایم ایف بجٹ ہماری معیشت کو سونامی کی طرح تباہ کردے گا، بجٹ کے اعدادوشمار اس بات کا اظہار ہیں کہ ملک کو تباہی کی سمت ڈال دیا گیا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں