دورہ انگلینڈ سہیل نے فکسنگ کے خدشات ظاہر کردیے

سیریز میں سوشل میڈیا کے زیادہ استعمال سے کرپشن کے خدشات بڑھ سکتے ہیں، سہیل تنویر


سیریز میں سوشل میڈیا کے زیادہ استعمال سے کرپشن کے خدشات بڑھ سکتے ہیں، سہیل تنویر ۔ فوٹو : فائل

آل راؤنڈر سہیل تنویر نے دورہ انگلینڈ میں فکسنگ کے خدشات ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیریز میں سوشل میڈیا کے زیادہ استعمال سے کرپشن کے خدشات بڑھ سکتے ہیں۔

سہیل تنویر نے ویڈیو لنک کے ذریعے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دورہ انگلینڈ میں خالی اسٹیڈیم اور تنہائی کے دوران سوشل میڈیا کا زیادہ استعمال ہوگا،اس سے کھلاڑی آسان ہدف بن سکتے ہیں، بکیز ان سے رابطے کے لیے سوشل میڈیا کا استعمال کرتے ہیں، دورہ انگلینڈ میں ہر پلیئرکو ہوشیار اور محفوظ رہنا ہوگا، جب تک وہ نہ چاہیں بکیز اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہوسکتے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے پاکستان ٹیم میں شامل نہ ہونے کا دکھ ہے، سلیکٹرز نے میرے نام پر غورضرور کیا مگر شاید ٹیسٹ کرکٹ نہ کھیلنے کی وجہ سے منتخب نہیں ہوسکا،ابھی میرا ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں،ہمارے یہاں کم بیک کسی بھی عمر میں ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم میں جونیئرز کے ساتھ سینئر بولرز کا ہونا ضروری ہے،اس سے نوجوانوں کو سیکھنے کا موقع ملتا ہے، 1 یا 2 میچز کی کارکردگی پر کسی کو انٹرنیشنل کرکٹ نہیں کھیلانا چاہیے، اسی کے ساتھ سلیکٹرز کو ڈومیسٹک کرکٹ میں پرفارم کرنے والوں کو اہمیت دینا ہوگی۔

سہیل تنویر نے کہا کہ فاسٹ بولر کے لیے گیند کو چمکانا بہت ضروری ہے،تھوک کے استعمال پر پابندی کی وجہ سے آئی سی سی کو گیند چمکانے کیلیے متبادل طریقہ بتانا ہوگا، ایس او پیز کے باعث وکٹ لینے کے بعد بولرز خوشی کا اظہار کیسے کرتے ہیں یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا۔

سہیل تنویر نے کہا کہ انگلینڈ کا غیر مشروط دورہ پی سی بی کا فیصلہ ہے،کرکٹر کی حیثیت سے میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان میں زیادہ کرکٹ ہونی چاہیے،جب ہماری باری آئے تو انگلش ٹیم کو بھی یہاں آنا ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں