نادرا کے نئے کارنامے
(ایس اے قریشی، ملیر ٹائون)
مکرمی! میں آپ کے موقر اخبار کے توسط سے ارباب اختیار کی توجہ ایک اہم مسئلے کی جانب متوجہ کرانا چاہتا ہوں جو قومی شناختی کارڈ کے دوبارہ اجرا اور درستگی سے متعلق ہے۔ نادرا کی جانب سے جاری کردہ فارم میں نمبر شمار ایک تا 23 بالکل خالی ہیں اس کو تصدیق کے لیے کہا گیا ہے، اب بتائیں کس بات کی تصدیق کی جائے؟ نیز اگر ایک کالم کا اور اضافہ کردیا جائے تو بہتر ہوگا، اضافی کالم سن پیدائش کا ہو۔ اس کے علاوہ گم شدہ شناختی کارڈ کے لیے FIR کی شرط کا بھی خاتمہ کیا جائے۔ یہ بات بھی قابل توجہ ہے کہ شناختی کارڈ کو درستگی کے لیے دینے کی صورت میں صحیح معلومات بھی غلط کردی جاتی ہیں جو متعلقہ ادارے کی نااہلی کو ظاہر کرتی ہے۔شفاف شناختی کارڈ کی فراہمی بے حد ضروری ہے۔ اور درخواست دہندہ کو سہولتیں مہیا کی جائیں۔ برائے مہربانی اس جانب فوری توجہ دی جائے ۔