بی این پی مینگل نے پی ٹی آئی سے اتحاد ختم کردیا

ہم ایوان میں موجود رہیں گے اور اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے، سردار اختر جان مینگل


ویب ڈیسک June 17, 2020
کوئی لائن میں نہیں لگنے دیتااور آپ آن لائن کی بات کررہے ہیں، اختر جان مینگل فوٹو: فائل

بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) نے تحریک انصاف سے اتحاد ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

قومی اسمبلی میں بجٹ پر بحث کے دوران بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے سربراہ سردار اختر جان مینگل نے تحریک انصاف سے اتحاد ختم کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایوان میں موجود رہیں گے اور اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔

اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے اختر جان مینگل نے کہا کہ بلوچستان آپ کا مقروض نہیں، اگر حساب کریں تو آپ کا ایک ایک بال بلوچستان کا قرض دار ہوگا، سوئی گیس کی رائلٹی تو چھوڑیں، ہمیں گیس سونگھنے کو بھی نہیں ملتی، میرے بلوچ کا خون کیوں زیر بحث نہیں آتا، کیا اس کا رنگ ٹماٹر کے رنگ سے زیادہ خراب ہے، ہمیں کوئی لائن میں نہیں لگنے دیتا، آپ آن لائن کی بات کررہے ہیں، لوگوں کے مجھے مسیجز آئے کہ ہمارے بچوں کو مت پڑھاؤ، اگر ہمارے بچے پڑھ گئے تو حق اور ناحق میں فرق کرنا سیکھ جائیں گے۔بلوچستان کو برابر کا حصہ دینا ہوگا، آج نہیں تو کل دینا ضرور ہوگا۔

واضح رہے کہ بی این پی مینگل کی علیحدگی کے بعد وفاقی حکومت قومی اسمبلی میں 4 ووٹوں سے محروم ہوگئی ہے، اس کے علاوہ سینیٹ میں بھی ایک ووٹ کم ہوگیا ہے، اس طرح تحریک انصاف کے لیے مسلم لیگ (ق)، ایم کیو ایم ، بی اے پی اور جی ڈی اے کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |