پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کی کراچی میں مکمل لاک ڈاؤن کی تجویز

اسمارٹ لاک ڈاؤن کورونا سے بچاو کا حل نہیں ہے، سیکریٹری جنرل پی ایم اے

اسمارٹ لاک ڈاون کورونا سے بچاو کا حل نہیں ہے، پی ایم اے۔ فوٹو، فائل

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نےحکومت پر زور دیا ہے کہ عالمی ادارۂ صحت کی ہدایات پر عمل کیا جائے اور کورونا وباء پر یقینی قابو پانے کے لیےپورے شہر میں لاک ڈاون کیا جائے۔

پی ایم اے کے مرکزی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر قیصر سجاد نے ڈاکٹر مرزا علی اظہر اور ڈاکٹر عبدالغفور شورو کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسمارٹ لاک ڈاون کورونا سے بچاو کا حل نہیں ہے۔ حکومت کورونا وباء میں فرنٹ لائن پر خدمات انجام دینے والے ڈاکٹروں کو تحفظ فراہم کرے۔


حال ہی میں این آئی سی وی ڈی ایمرجنسی میں تیماردار کا ڈاکٹر پرہونےوالے حملے پراحتجاج کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکومت اس واقعے کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئےواقعے کی تحقیقات اور مجرم کے خلاف سخت تادیبی کاروائی عمل میں لائے۔ڈاکٹرز موجودہ حالات میں اپنے جانوں کو خطرے میں ڈال کر مریضوں کا علاج کررہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ این سی آئی وی ڈی میں اسلحہ بردار تیماردارکی آمد کی تحقیقات کی جائے اور حکومت تمام ہسپتالوں کے داخلی راستوں پر میٹل ڈیٹیکٹرز نصب کرے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایم اے ہڑتالوں اور احتجاج کے حق میں نہیں ہےلیکن پی ایم اے ہسپتالوں میں غنڈہ گردی برداشت نہیں کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ینگ ڈاکٹرز اور نرسوں کی ہڑتال درحقیقت حکومت کی ناکامی ہے۔پاکستان میں ڈاکٹرز سب سے زیادہ پسا ہوا طبقہ ہے جو کورونا وبا میں مطلوبہ حفاظتی سامان کی عدم دستیابی کے باوجود خدمات انجام دے رہاہےلہذا کورونا کے جاری بحران میں حکومت ڈاکٹروں کے تحفظ کو یقینی بنائے۔
Load Next Story