گھوٹکی میں رینجرز کی گاڑی کے قریب دھماکا 2 اہلکاروں سمیت 3 افراد جاں بحق

ہر پہلو سے انکوائری کرکے ابتدائی رپورٹ دو دن کے اندر دی جائے، وزیراعلیٰ سندھ


ویب ڈیسک June 19, 2020
رینجرز اہلکار مارکیٹ میں گوشت خرید رہے تھے کہ اچانک دھماکا ہوگیا، ڈی ایس پی گھوٹکی - فوٹو: فائل

ریلوے اسٹیشن پر رینجرز کی گاڑی کے قریب دھماکے سے 2 اہلکاروں سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق گھوٹکی ریلوے اسٹیشن کے قریب رینجرز کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں رینجرز اہلکار سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ جاں بحق افراد کی لاشیں اسپتال منتقل کردی گئیں ہیں۔ واقعے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو سیل کردیا۔

ڈی ایس پی گھوٹکی کا کہنا ہے کہ رینجرز اہلکار مارکیٹ میں گوشت خرید رہے تھے کہ اچانک دھماکا ہوگیا۔ دھماکے میں ایک رینجرز اہلکار اور ایک شہری بھی زخمی ہوا ہے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے تحصیل اسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ رینجرزکی گاڑی گھوٹا مارکیٹ کے علاقے میں کھڑی تھی، گاڑی میں اچانک دھماکا ہونے سے ایک راہگیر اور رینجرز اہلکارموقع پر دم توڑ گئے۔

دوسری جانب پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے بھی سندھ رینجرزپردہشتگرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حملے میں جوانوں کی شہادت پردلی صدمہ پہنچا ہے، دہشتگردی کہیں پر بھی ہو اسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

بلاول بھٹوزرداری نے دہشتگردوں کے بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف متحدہ ہے، شہدا کے اہل خانہ کے غم میں برابرکے شریک ہیں، شہدا کی درجات کی بلندی کیلئے دعاگو ہیں۔

ادھر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی گھوٹکی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ ہر پہلو سے انکوائری کرکے ابتدائی رپورٹ دو دن کے اندر دی جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔