لائیو اسٹریمنگ کیس پی سی بی کی وضاحت غیر تسلی بخش قرار

اقبال محمد علی نے جوابی خط میں معاہدے کی مصدقہ کاپیز مانگ لیں


Abbas Raza June 20, 2020
اقبال محمد علی نے جوابی خط میں معاہدے کی مصدقہ کاپیز مانگ لیں۔ فوٹو: فائل

PARIS: اقبال محمد علی نے پی ایس ایل 5 میچز پر جوئے کے حوالے سے پی سی بی کی وضاحت کو غیر تسلی بخش قرار دے دیا۔

پی ایس ایل 5 کے میچز جوئے کی ویب سائٹ پر لائیو اسٹریم ہونے کی خبر ''ایکسپریس'' میں شائع ہونے کے بعد پی سی بی کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا تھا کہ ٹیک فرنٹ کے ساتھ گلوبل میڈیا رائٹس کا معاہدہ تھا،اس نے آگے جس کمپنی سے کنٹریکٹ کیا، وہ پاکستان سے باہر جوئے کی ویب سائٹ پر میچز لائیو اسٹریم کروا رہی تھی، معلوم ہونے پر اسے رکوا دیا گیا،یاد رہے کہ بعد ازاں معاملہ معافی نامے پر ختم کردیا گیا تھا۔

رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی نے میڈیا میں جوئے کے حوالے سے سخت ردعمل کا اظہار کیا تھا جس پر پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر کی جانب سے لکھے جانے والے تفصیلی خط میں یہ ثابت کرنے کی کوشش ہوئی تھی کہ معاملہ اتنا گھمبیر نہیں جتنا میڈیا میں پیش کیا جا رہا ہے،معاہدے کی خلاف ورزی کا نوٹس لے لیا گیا تھا، علم ہوتے ہی جوئے کی ویب سائٹ پر لائیو اسٹریمنگ رکوا بھی دی تھی۔

ذرائع کے مطابق اقبال محمد علی نے پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی کو ایک خط لکھا ہے، اس میں بورڈکی وضاحت کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہاکہ رکن قومی اسمبلی اور پاکستانی شہری ہونے کے ناطے حقائق تک رسائی میرا حق ہے، براہ مہربانی مجھے ٹیک فرنٹ کمپنی کے ساتھ معاہدے کی مصدقہ کاپیز فراہم کی جائیں، اس سے مجھے حقائق سے مکمل آگاہی میں مدد ملے گی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں