کرپشن کاخاتمہ چاہتا ہوں اس لئے 6 سال میں ایک بھی پٹواری بھرتی نہیں کیا شہباز شریف

میٹروبس کو جنگلہ بس کہنے والے دیکھ لیں آج روزانہ ایک لاکھ 50 ہزار افراد اسی میں سفر کرتے ہیں، وزیر اعلٰی پنجاب


ویب ڈیسک December 08, 2013
2014 میں پنجاب کے تمام اضلاع کا لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ ہوجائے گا، شہباز شریف فوٹو: ایکسپریس نیوز

SANAA: وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آج پاکستانی پاسپورٹ کو دنیا بھر میں حقارت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے جس کے ذمہ دار کوئی اور نہیں ہم ہی ہیں اور موجودہ نظام میں فرشتہ صفت انسان کو بھی لایا جائے تو اس پر بھی برا اثرپڑے گا۔

لاہور میں والٹن روڈ پر لینڈ ریکارڈ پراجیکٹ سینٹر کی افتتاحی تقریب میں خطاب اور میڈیا سے بات چیت کے دوران وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ آج پاکستانی پاسپورٹ کو دنیا بھر میں حقارت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے جس کے ذمہ دار کوئی اور نہیں ہم ہی ہیں، وہ وقت جلد ہی آئے گا جب سبز پاسپورٹ کی ایک بار پھرعزت و تکریم ہوگی لیکن جرنیل ،جج، میڈیا اور عام آدمی سب کو مل کر ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنا ہوگا۔

میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وہ کرپشن کاخاتمہ چاہتے ہیں، موجودہ نظام میں فرشتہ صفت انسان کو بھی لایا جائے تو اس پر بھی اثرپڑے گا، پٹواریوں کے خلاف ہونے کی باتیں ان سے منسوب کی گئیں،وہ پٹواری کے نہیں پٹواری مافیا کے خلاف ہیں اور اس مافیا کی کرپشن کا خاتمہ کرنا ضروری ہے، اس لئے گزشتہ 6 برسوں کے دوران کئی سمریاں آئیں لیکن انہوں نے ایک بھی پٹواری بھرتی کرنے کی منظوری نہیں دی۔ پٹواری تحصیلدار کے مائنڈ سیٹ کو تبدیل کرنے کے لئے ہم نے تحصیلدار کو ڈائریکٹر لینڈ کا نام دیا ہے اور 2014 میں پنجاب کے تمام اضلاع کا لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ ہوجائے گا۔

وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ کوئی بھی نظام طاقت کے استعمال سے ٹھیک نہیں کیا جاسکتا اس کے لئے درست سمت کا تعین ضروری ہے،میٹروبس کو جنگلہ بس کہنے والے دیکھ لیں آج روزانہ ایک لاکھ پچاس ہزار افراد اسی میٹروبس کے ذریعے سفر کرتے ہیں۔ اسی طرح ملک میں جاری توانائی کا بحران بھی ختم کیا جائے گا اس سلسلے میں امید ہے کہ اپریل یا مئی میں نندی پور پاور پراجیکٹ سے بجلی کی پیداوار شروع ہوجائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں