چینی انکوائری رپورٹ پر حکم امتناع ختم حکومت کو شوگر ملز کیخلاف کارروائی کی اجازت

چینی بحران تحقیقاتی رپورٹ حکومت اور نیب کا امتحان ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ

چینی بحران تحقیقاتی رپورٹ حکومت اور نیب کا امتحان ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ

اسلام آباد ہائی کورٹ نے چینی انکوائری رپورٹ پر حکم امتناع ختم کرتے ہوئے حکومت کو شوگر ملز کیخلاف کارروائی کی اجازت دے دی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے چینی انکوائری کمیشن کے خلاف شوگر ملز کی درخواست پر سماعت کی۔

کارروائی تعصب پر نہیں

اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک میں یہ رواج بن چکا ہے شوگر ملز کے طاقت ور طبقات حکومت میں موجود ہوتے ہیں، یہ کہنا غلط ہو گا کہ انکوائری کمیشن سیاسی مخالفین سے انتقام کے لئے بنایا گیا، انکوائری تو حکومت کے اپنے مضبوط اتحادیوں اور دوستوں کیخلاف بھی ہو رہی ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ کسی تعصب پر مبنی کارروائی نہیں۔

آئی ایس آئی ممبر کی شمولیت

خالد جاوید خان نے کہا کہ کمیٹی میں آئی ایس آئی کے ممبر کی شمولیت کا اعتراض آیا تھا اس کی وضاحت کردوں، سپریم کورٹ نے پانامہ اور فیک اکاونٹس کیس میں بھی جے آئی ٹی تشکیل دی، اس میں بھی مختلف اداروں کے افسران کو شامل کیا گیا تھا، انکوائری کمیشن نے ایسے ٹی او آرز کے تحت کام کیا کہ شوگر انڈسٹری کے تمام پہلوسامنے آسکیں، ایک لحاظ سے یہ رپورٹ مکمل ان کے خلاف بھی نہیں بلکہ اس میں غیر قانونی اقدام کی نشاندہی کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جہانگیرترین گروپ کی شوگر ملز اوورانوائسنگ اور ڈبل بلنگ میں ملوث ہیں، شہزاداکبر

حکومت کو پریس کانفرنسز کی ضرورت نہیں

جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ شوگر ملز کا مسئلہ حکومتی پریس کانفرنسز بھی ہیں، جو حکومت میں ہیں ان کو تو اس طرح کی پریس کانفرنسز کرنے کی ضرورت ہی نہیں، ایسی پریس کانفرنسز دوسرے فریق کے حقوق متاثر کرتی ہیں، انکوائری اور تفتیش کے شروع میں ایسی پریس کانفرنسز نہیں ہونی چاہئیں۔

حکم امتناع میں توسیع کی درخواست مسترد

شوگر ملز کے وکیل مخدوم علی خان نے حکم امتناع میں توسیع کی درخواست کی تاہم اسلام آباد ہائی کورٹ نے شوگر انکوائری رپورٹ پر مزید اسٹے آرڈر دینے سے انکار کردیا۔

حکومتی انکوائری کمیشن غیر ضروری

شوگر ملز ایسوسی ایشن کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کرکٹر سلیم ملک کیس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کرکٹر پر آئی سی سی کے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کا الزام تھا اور انہوں نے پاکستان میں کسی قانون کی خلاف ورزی نہیں کی تھی لیکن ان پر جو الزام تھا اس سے متعلق پاکستان میں کوئی قانون موجود نہیں تھا اس لیے انکوائری کمیشن بنایا گیا، لہذا شوگر کے معاملے پر تمام متعلقہ قوانین ملک میں موجود ہیں، حکومتی انکوائری کمیشن کی ضرورت نہیں تھی۔


یہ بھی پڑھیں: شوگر ملز مافیا کے خلاف تحقیقات کے دوران اربوں روپے کی ٹیکس چوری کا بھی انکشاف

کیسے کہیں رپورٹ تعصب پر ہے؟

جسٹس اطہر من اللہ نے شوگر ملز وکیل سے کہا کہ کمیشن رپورٹ میں وفاقی وزیر اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے بارے میں بھی لکھا ہے کیا وہ بھی تعصب ہے؟ ان لوگوں کے بارے میں بھی سیریس لکھا گیا جو ابھی وفاقی کابینہ میں ہیں، زیادہ تشویش تو اس پبلک آفس ہولڈر کو ہونا چاہیے تھا جو آج اس حکومت میں ہے، اس سارے کے ہوتے ہوئے ہم کیسے کہہ دیں کہ رپورٹ تعصب کی بنا پر تیاری کی گئی؟۔ آپ تو بینفشری ہیں آپ سیکنڈری ہیں پہلے تو پبلک آفس ہولڈر آتے ہیں۔

حکومت اور نیب کا امتحان

جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ چینی رپورٹ میں موجودہ حکومت کے ذمہ داران کو بھی مورد الزام ٹھہرایا گیا، ملز مالکان تو فائدہ لینے والے ہیں، اصل مسئلہ تو عوامی عہدہ رکھنے والوں کو ہونا چاہیے، ذمہ دار قرار دیے گئے کسی حکومتی رکن نے چینی رپورٹ کو چیلنج نہیں کیا؟ ابھی تک پتہ نہیں نیب اس پر کارروائی کرتا بھی ہے یا نہیں، چینی رپورٹ اصل میں موجودہ حکومت اور نیب کا امتحان ہے۔

نیا کمیشن بنانے کی درخواست

شوگر ملز مالکان کے وکیل مخدوم علی خان نے استدعا کی کہ چینی بحران پر نیا کمیشن تشکیل دیا جائے ، کابینہ کا الگ اور معاون خصوصی کا الگ فیصلہ ہوا، شہزاد اکبر کو ذمہ داری دی گئی کہ وہ کمیشن کی سفارشات پر عمل درآمد کرائیں گے۔

شہزاد اکبر کی ذمہ داری پر نظرثانی

عدالت نے کہا کہ کیا کابینہ اپنے اختیارات کسی اور کو دے سکتی ہے؟ عدالت نے مسابقتی کمیشن کیس کے فیصلے میں کہا ہے کہ کابینہ اپنا اختیار کسی کو نہیں دے سکتی۔

اٹارنی جنرل نے شہزاد اکبر کو انکوائری رپورٹ پر عمل درآمد کی ذمہ داری دینے کے فیصلے پر نظرثانی کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ میں حکومت کو ایڈوائس دیتا ہوں کہ وہ اس پر نظرثانی کرے۔

فیصلہ

اسلام آباد ہائی کورٹ نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے چینی انکوائری رپورٹ پر شوگر ملز مالکان کے خلاف کارروائی سے روکنے کا حکم امتناع ختم کردیا۔ عدالت نے تمام متعلقہ اداروں کو چینی انکوائری رپورٹ پر کارروائی کی اجازت دے دی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نےانکوائری کمیشن کی تشکیل اور رپورٹ کو قانون کے مطابق قرار دیتے ہوئے معاون خصوصی شہزاد اکبر کو چینی انکوائری رپورٹ پر عملدرآمد کے لئے دیے گئے اختیارات کو غیرقانونی قرار دیا۔

عدالت نے فیصلہ دیا کہ یہ اختیارات سپریم کورٹ کے فیصلے سے مطابقت نہیں رکھتے، وفاقی کابینہ کا شہزاد اکبر کو اپنے اختیارات تفویض کرنا خلاف قانون ہے، حکومت کو شوگر ملز کا معاملہ نیب کو بھیجنے کا اختیار ہے جس میں سپریم کورٹ کے وضع کئے گئے احکامات کو مدنظر رکھے جائیں۔

Load Next Story