جس طرح خالق نے اپنی مخلوق کےلیے تمام بنیادی سہولیات کو باآسانی فراہم کیا ہے، ٹھیک اسی طرح اس نے انسان کو پہلے اپنی زندگی میں ترقی کرنے اور پھر دوسرے لوگوں کی زندگیوں میں آسانی پیدا کرنے کےلیے بہترین مواقع فراہم کیے ہیں۔ ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ ہم اپنی عقل و صلاحیتوں کا مثبت استعمال کرتے ہوئے آگے بڑھیں اور ان مواقع کو اپنالیں۔
اسی حوالے سے میں آپ کو ان چار کاموں کے بارے آگاہی دینا چاہوں گا جن کو اختیار کرکے آپ اپنی زندگی میں بہتری لاتے ہوئے ترقی کا سفر طے کرتے جائیں گے ۔
1۔ اپنی ذمے داری قبول کیجیے
کسی بھی مشکل حالات و حادثات کے اندر گِھر جانے کا مطلب زندگی ختم ہوجانا نہیں ہوتا۔ وقتی طور پر پریشان ہونا اور ہمت ہار جانا فطری بات ہے، مگر مستقل ایسی حالت کا شکار ہونا ہرگز مفید نہیں۔ کسی بھی ناگوار حالات میں اپنی قسمت کو کوسنا یا دوسرے لوگوں پر ذمے داری ڈالنا ایسی نامعقول بات ہوتی ہے جس کا کوئی فائدہ نہیں ہوتا۔ اس سے کہیں بہتر ہوتا ہے، مشکل حالات و واقعات میں خود کو جلدی سنبھال لینا، مایوس کن سوچوں پر قابو پانا اور راستہ تلاش کرنا۔ ہمیشہ یاد رکھیے کہ اپنی زندگی کا بوجھ ہم نے خود ہی اٹھانا ہوتا ہے، اس کےلیے ہم اپنی ذمے داری دوسروں پر نہیں ڈال سکتے۔ اور پھر آج کل کون کسی کے ہمیشہ کام آسکتا ہے بھلا؟
2۔ مشکل فیصلے کیجیے
اگر آپ اپنی زندگی کے کسی بھی شعبے میں آسان راستوں اور فیصلوں کا انتخاب کرتے ہیں تو غور کرنے پر پتہ چلے گا کہ آپ نے خاطر خواہ نتائج حاصل نہیں کیے ہوں گے۔ زندگی کو بھرپور طریقے سے نہیں گزارا ہوگا۔ آپ کی زندگی میں اسی وجہ سے بہت زیادہ شکایات ہوں گی۔ تو بات یہ ہے جناب کہ آسان فیصلوں اور راستوں کا انتخاب تو ہر کوئی ہی کرلیتا ہے۔ اصل ہمت والی بات تو مشکل فیصلہ اختیار کرکے، کوئی رسک لے کر آگے بڑھنے میں ہے۔ ویسے بھی جب خدا اپنے بندے پر اس کی استطاعت سے زیادہ بوجھ نہیں ڈالتا تو پھر بندے کو بھی مشکل فیصلے لینے سے نہیں گھبرانا چاہیے، کیونکہ اس سے حاصل ہونے والی ترقی دیرپا، پائیدار اور خوبصورت ہوتی ہے۔
3۔ اچھے تعلقات قائم کیجیے
اگر آپ کے زیادہ ملنے جلنے والے نہیں ہیں تو کم از کم اتنا تو کر ہی سکتے ہیں کہ جن دو چار لوگوں سے آپ ملتے ہیں انہی کے ساتھ آپ کے زبردست روابط ہوں، تاکہ وہ کسی مشکل مقام پر آپ کا حوصلہ بن سکیں، اچھا مشورہ دے سکیں، آپ کو آگے بڑھنے کے کسی موقع کا بتا سکیں، وغیرہ۔ یاد رکھیے کہ زندگی میں ترقی کے اکثر راستے ڈھکے چھپے ہوتے ہیں، سب کے سامنے ظاہر نہیں ہوتے۔ اکثر مواقع ان بااعتماد لوگوں کو ہی دیے جاتے ہیں جن کے بارے لوگ ایک دوسرے کو ذاتی طور پر اچھے طریقے سے جانتے ہوں۔ اگر آپ اچھے لوگوں کے نیٹ ورکنگ اور گڈ بک میں شامل ہیں تو جلدی ترقی کرنے کے زیادہ مواقع ملتے ہیں۔ ہاں مگر یاد رہے کہ نیٹ ورکنگ کے بدلے اپنی عزتِ نفس کو گنوا دینا دور اندیشی نہیں۔
4۔ اپنی قدر و قیمت کا خیال کیجیے
اکثر مشکل حالات انسان کی ذہنی کیفیت کو اتنا متاثر کرتے ہیں کہ وہ احساسِ کمتری کا شکار ہوجاتے ہیں۔ اس سے پہلا بڑا نقصان اپنی صلاحیتوں پر بے اعتبار ہونا ہوتا ہے۔ دوسری طرف وہ لوگ بھی ہوتے ہیں جو کسی مصیبت کے وقت اپنی خود اعتمادی اور عزتِ نفس کو بحال رکھتے ہیں۔ یہی لوگ بہتر مقابلہ کرنے والے اور ہر حالات میں ترقی کا راستہ تلاش کرنے والے ہوتے ہیں۔ مگر یاد رہے کہ یہ سب تجربہ سے حاصل ہوتا ہے۔ بار بار کی ناکامیوں، دوسرے لوگوں کے رویوں کو جاننے اور اپنی زندگی کا تجزیہ کرتے رہنے سے ہی اپنی صلاحیتوں کا پتہ چلتا ہے۔ اس کے بعد ہی بندہ اپنی قدر و قیمت سے آگاہ ہوتا ہے۔
تو جناب یہ وہ چار اہم کام ہیں جن كو اختیار کرنے سے ہم زندگی میں مسلسل ترقی کی طرف گامزن رہ سکتے ہیں۔ ان کے ساتھ سیکھنے والی بات یہ ہے کہ زندگی میں جلد بازی نہ کی جائے اور جب کبھی زندگی کا رخ بدلنے والا لمحہ آئے تو اس کو ضائع نہ کیا جائے۔ بلکہ پوری ہمت اور تیاری سے اس سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے۔
نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں۔
اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 500 سے 1,000 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ [email protected] پر ای میل کردیجیے۔