کراچی میں اتوار کو گرمی 45 ڈگری کے برابر محسوس کی گئی موسمیات

23 اور 24 جون کو بھی معمول سے زیادہ گرمی پڑنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات


Staff Reporter June 21, 2020
بحیرہ عرب میں موجود ہوا کا کم دباؤ شہر کے گرم موسم کا سبب بن رہا ہے، محکمہ موسمیات ۔ فوٹو: فائل

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ اتوار کو شہر کا پارہ 36.5 ڈگری رہا لیکن ہوا میں نمی بڑھنے سے گرمی 45 ڈگری کے مساوی محسوس کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 3 روز کے دوران شہر کا پارہ 37 سے 39 ڈگری کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔ شہر میں حالیہ دنوں کے دوران بلوچستان کی شمال مغربی اور مغربی سمت کی ہوائیں اثر انداز ہونے کے سبب ہوا میں نمی کا تناسب معمول سے بڑھ رہا ہے جس کی وجہ سے دن کے وقت گرمی جبکہ رات کو حبس محسوس کیا جارہا ہے۔

اتوار کو شہر کا پارہ 36.5 جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 57 فیصد ریکارڈ ہوا، ہیٹ اینڈیکس کے مطابق شہر میں اتوار کو 45 ڈگری کے مساوی گرمی محسوس کی گئی، اتوار کو صبح کے وقت بلوچستان کی مغربی سمت کی ہوائیں حاوی رہیں جبکہ شام کے وقت سمندری ہوائیں بحال ہوگئیں جس کی رفتار 30 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئیں۔

چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردار سرفراز کے مطابق بحیرہ عرب میں موجود ہوا کا کم دباؤ شہر کے گرم موسم کا سبب بن رہا ہے جو پہلے کے مقابلے میں کافی حد تک کمزور ہوچکا ہے تاہم وہ سمندر کی جنوب مغربی سمت کی ہواؤں کو دن کے وقت متاثر کررہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہوا کے کم دباؤ کے طوفان میں تبدیل ہونے کے امکانات نہیں کیونکہ مون سون میں سمندری طوفان نہیں بنتے۔

سردار سرفراز کے مطابق 23 اور 24 جون کو معمول سے زیادہ گرمی پڑنے کا امکان ہے جس کے دوران شہر کا زیادہ سے زیادہ پارہ 38 ڈگری کو چھوسکتا ہے تاہم ہیٹ ویو کا کوئی خطرہ نہیں کیونکہ سمندری ہوائیں مختصر وقت کے لیے متاثر ہورہی ہیں۔

چیف میٹرو لوجسٹ کا مزید کہنا ہے کہ 25 جون کے بعد شہر میں قدرے بہتر موسم کی توقع ہے جس کے دوران مطلع ابرآلود رہنے کا امکان ہے، پیر کو دن کے وقت مطلع مرطوب جبکہ شام کے وقت جزوی ابرآلود رہ سکتا ہے، رات کے وقت شہر کے کچھ مقامات میں بوندا باندی اور پھوار کی بھی توقع ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں