اسمارٹ لاک ڈاؤن 20 بڑے شہروں کے 92 ہاٹ اسپاٹ کی نشاندہی

40 فیصد متاثرین ان علاقوں میں مقیم ہیں، صرف انہی علاقوں میں لاک ڈاؤن ہو گا، اسد عمر

اسلام آباد میں اسپتالوں کو 189 آکسیجن بیڈز دے دیے، اسد عمر۔ فوٹو؛ ایکسپریس

ملک بھر میں24 گھنٹوں کے دوران 28855 کورونا ٹیسٹوں کے بعد 3410 نئے مریضوں کا اضافہ، 63 افراد جاں بحق جب کہ مجموعی متاثرین 179634 ہو گئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی اوسی )کے مطابق کورونا سے سے کل اموات 3559 ہو گئیں، 70749 مریضوں نے صحت یاب ہوکر وائرس کو شکست دیدی، کورونا مریضوں کیلیے مختص 1503وینٹی لیٹرز پر 581 مریض ، آزادکشمیر، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں کوئی مریض وینٹی لیٹرپرنہیں،اب تک فعال کیسز 105224 ہو گئے۔

سندھ میں کورونامریضوں کی تعداد 69628، پنجاب 65739، خیبر پختونخوا 21997،بلوچستان 9475، اسلام آباد10662،آزادکشمیر845 اورگلگت بلتستان میں 1288 مریض ہوگئے، پنجاب 1407 اموات کے ساتھ سرفہرست،سندھ میں 1048، پختونخواہ 808، بلوچستان 100، اسلام آباد98، گلگت بلتستان 21 اور آزادکشمیرمیں 19افرادموت کے منہ میں چلے گئے۔ اب تک 10 لاکھ 71 ہزار 642 کورونا کے ٹیسٹس کیے گئے جب کہ اسپتالوں میں زیرعلاج مریض 6619ہیں۔

دریں اثنا راولپنڈی میں سی ایس ایس افسران پانچ بہنوں میں سے ایک ڈپٹی کنٹونمنٹ ایگزیکٹو آفیسر چکلالہ ڈاکٹر سسی شیر ملک کورونا کا شکار ہوگئیں اورگھرمیں ہی آئسولیشن اختیارکرلی،ڈاکٹر سسی نے کو بتایا کہ وہ تیزی سے صحت یاب ہورہی ہیں۔ادھر پاکستان ان چار ممالک میں شامل جہاں کورونا کیسز اور اموات کی شرح بڑھ رہی ہے، ممالک میں سرِفہرست برازیل ہے جبکہ میکسیکو، انڈیا اور پاکستان بالترتیب دوسرے، تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں۔

پاکستان میکسیکو کونیچے دھکیلتے 14ویں نمبر پر آ گیا، ہلاکتوں کے ساتھ پاکستان کا 21ویں نمبر ہے۔ کراچی میں فکس اٹ کے بانی اور پاکستان تحریک انصاف کے ایم این اے عالمگیر خان کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔ ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا، انھوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا۔

دوسری جانب وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ کورونا وبا کا پھیلاؤ روکنے کیلیے ایس او پیز پر عملدرآمد ضروری ہے ، ٹیکنالوجی کی مدد سے ملک کے 20 بڑے شہروں میں 92 ہاٹ اسپاٹ کی نشاندہی کرلی، ہاٹ اسپاٹ والے علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن سے وبا کا پھیلاؤ روکیں گے ،کورونا سے متاثرہ 40 فیصد مریض ان علاقوں میں قیام پذیر ہیں اوریہ علاقے ملک کی کل آبادی کا 3 فیصد ہیں،صرف انہی علاقوں کو لاک ڈاؤن کیاجائے تاکہ باقی مقامات پر معمولات زندگی جاری رہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا و چیئرمین این ڈی ایم اے جنرل محمد افضل کے ہمراہ پمز اسپتال کے دورے کے دوران کیا۔اسپتال انتظامیہ نے حکومتی وفد کو مریضوں کو فراہم کی جانیوالے سہولتوں سے آگاہ کیا۔


وفاقی وزیر اسد عمرنے کہاجولائی کے آخر تک2100 آکسیجن بیڈ اورجون کے آخر تک1000 بیڈز کا اضافہ کریں گے،اسلام آباد میں آج سے جمعرات تک189 آکسیجن بیڈز بڑھادیئے ۔اسد عمرکا کہنا تھا کہ سی ڈی اے ہسپتال کو20 بیڈ دے چکے ،39 مزید دیئے جائیں گے، 13پولی کلینک کو مل چکے ، پمز کے اندر40 بیڈ منگل ، بدھ کو 52 اور جمعرات کو25 بیڈ ز فراہم کئے جائیں گے۔آکسیجن بیڈز کی فراہمی سے مریضوں کیلئے بیڈز کی عدم دستیابی کا پریشر کم ہوگا۔

پمز میں اسدعمرنے کہا ہاٹ سپاٹس کی تفصیلات صوبوں کو فراہم کردی گئیں۔ ٹیکنالوجی کی مددسے نشاندہی کرسکیں گے کہ کون سے علاقے میں وبازیادہ ہے۔ 20 بڑے شہروں میں 92 ہاٹ سپاٹ علاقوں میں لاک ڈاؤن کیا ہے۔

دریں اثناء چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا وائرس ایس او پیز کی 4267 خلاف ورزیاں ، 721 مارکیٹس، دکانوں، 5صنعتوں اور1408 گاڑیوں کو جرمانے اور بند کیا گیا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیاکہ پنجاب میں 2036 خلاف وزیوں پر 458 دکانوں چارصنعتوں اور991گاڑیوں کو جرمانے اورسیل کیاگیا،سندھ میں 609 ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر 36 دکانوں، مارکیٹس کے علاوہ ایک صنعت اور 59 گاڑیوں کو جرمانے اور بند کیا گیا،اسلام اباد میں 23 دکانوں، مارکیٹس اور 8 گاڑریوں کو جرمانے اور سیل ،آزاد کشمیر میں 715 خلاف ورزیوں پر 52 دکانوں، مارکیٹس اور 323 گاڑیوں، بلوچستان میں 694 ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر75 دکانوں، مارکیٹس، گلگت بلتستان میں 213 خلاف ورزیوں پر 77 دوکانوں کو بند اور جرمانے کئے گئے۔

علاوہ ازیں سول ایوی ایشن حکام کی اجازت کے بعد قومی و نجی ایئر لائن سے بیرون ممالک میں پھنسے پاکستانیوں کو لانے کا سلسلہ شروع ہوگیا ،پی آئی اے کی خصوصی پرواز دمام سعودیہ سے 135 مسافر لے کر سیالکوٹ پہنچ گئی،جبکہ رواں ہفتے سعودیہ اور یو اے ای سے 25 ہزار پاکستانیوں کو خصوصی پروازوں سے لایا جائیگا،ایئر لائن کے ساتھ ایئر پورٹس پر بھی حفاظتی اقدامات کا خیال رکھا جارہا ہے، رواں ہفتے قومی ایئر لائن ( پی آئی اے ) کے ذریعے سعودی عرب سے 10 اور متحدہ عرب امارات سے 15 ہزار پاکستانیوں کو واپس لایا جائیگا۔

امریکا میں پی آئی اے کی سپیشل چارٹر فلائٹ 27 جون کو امریکی شہر نیوجرسی سے لاہور کیلئے روانہ ہوگی، پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کیلئے یہ ساتویں فلائٹ ہوگی، امریکہ میں پھنسنے والے پاکستانی جو واشنگٹن ڈی سی میں پاکستانی سفارت خانے اور قونصلیٹ میں رجسٹر ڈ ہیں کو فلائٹ کے ذریعے واپس لایاجائیگا۔کراچی سے سٹاف رپورٹرکے مطابق بین الاقوامی پروازوں پر عائد پابندی ختم ہونے کے بعد جناح ٹرمینل سے ایک ہزار مسافروں کو لیکر 7 پروازیں روانہ ہوئیں۔

ذرائع کے مطابق 20 جون رات 12 بجے کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے بین الاقوامی فضائی آپریشن مکمل بحال کیا گیا،جس کے بعد ہفتے کو جناح ٹرمینل سے خلیجی ممالک کی 7 پروازیں آپریٹ کی گئیں،دوحہ قطر اور دبئی کے لیے 4 پروازیں روانہ کی گئیں جبکہ گلف ائرکی شیڈولڈ 2 پروازیں منسوخ ہوئیں۔

 
Load Next Story