وزیراعظم کا گندم اور آٹے کی قیمتیں قابو میں رکھنے کیلیے فوری اقدامات کا حکم

گندم کی اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کے حوالے سے زیرو ٹالرینس پالیسی کو یقینی بنایا جائے، وزیراعظم


ویب ڈیسک June 23, 2020
ہماری اولین ترجیح غریب طبقے کا تحفظ ہے تاکہ ان پر اضافی بوجھ نہ پڑے، وزیراعظم ۔ فوٹو:سوشل میڈیا

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ گندم اور آٹے کی قیمتوں کو قابو میں رکھنا ہے، گندم کی اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کے حوالے سے زیرو ٹالرینس پالیسی کو یقینی بنایا جائے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت گندم اور آٹے کی قیمتوں میں کمی لانے کے سلسلے میں اٹھائے جانے والے اقدامات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے گندم اور آٹے کی ضروریات کو پورا کرنے سمیت قیمتوں میں کمی لانے سے متعلق صوبائی حکومتوں کی مشاورت سے کیے فیصلوں سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت کی اولین ترجیح گندم کی ضروریات کے مطابق وافر دستیابی کو یقینی بنانا ہے، گندم اور آٹے کی قیمتوں کوقابو میں رکھنا ہے، اس حوالے سے ہماری اولین ترجیح غریب طبقے کا تحفظ ہے تاکہ ان پر اضافی بوجھ نہ پڑے۔

گندم اور آٹے کی قیمتوں میں کمی لانے سے متعلق صوبائی حکومتوں کی مشاورت سے کیے جانے والے فیصلوں پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فیصلوں پر جلد از جلد عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات اٹھائے جائیں، ملکی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے طویل المدتی حکمت عملی بھی تشکیل دی جائے تاکہ مستقبل کی ضروریات کے حوالے سے کسی دقت کا سامنا نہ ہو۔

وزیراعظم نے صوبائی چیف سیکریٹریز کو ہدایت دی کہ گندم کی اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کے حوالے سے زیرو ٹالرینس پالیسی کو یقینی بنایا جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں