حکومتی عدم دلچسپی، اورنج لائن بس منصوبے پر کام بحال نہ ہوسکا

سید اشرف علی  بدھ 24 جون 2020
فنڈز کی عدم ادائیگی کی وجہ سے واجبات کلیئر نہیں ہو پا رہے، افسر محکمہ ٹرانسپورٹ۔ فوٹو: فائل

فنڈز کی عدم ادائیگی کی وجہ سے واجبات کلیئر نہیں ہو پا رہے، افسر محکمہ ٹرانسپورٹ۔ فوٹو: فائل

کراچی: لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد شہر میں کئی منصوبوں پر ترقیاتی کام کا آغاز ہوچکا ہے لیکن سندھ حکومت کی عدم دلچسپی کے باعث اورنج لائن بس منصوبہ پر ترقیاتی کام بحال نہیں ہوسکا ہے۔

مالی سال2020-21کے بجٹ میں اگرچہ سندھ حکومت نے اورنج لائن کے لیے 843.3ملین روپے مختص کیے ہیں لیکن رواں مالی سال کے بجٹ میں فنڈز جاری نہ ہونے کے باعث ترقیاتی کام بند پڑا ہے۔

اورنج لائن بس منصوبہ سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی زیر نگرانی2016میں شروع کیا گیا تھا اور اسے ایک سال میں مکمل کیا جانا تھا لیکن ساڑھے چار سال گذرجانے کے باوجود اس کا 75فیصد کام مکمل ہوا ہے۔

سندھ حکومت کے ذرائع کے مطابق سندھ حکومت کے اعلیٰ حکام نے اپنے مذموم مقاصد کے لیے سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی اور صوبائی محکمہ ٹرانسپورٹ میں سیاسی بنیادوں پر افسران تعینات کررکھے ہیں جن کی نااہلیت کی وجہ سے یہ منصوبہ سست روی کا شکار ہے۔

اورنج لائن بس منصوبہ کے لیے بسوں کی خریداری اور ان کا آپریشنل مینجمنٹ بھی سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی ذمے داری ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔