زیریں سندھ میں یوم ثقافت پر ریلیاں اور رنگا رنگ تقریبات

ریلیوں میں سجے سجائے اونٹ، گھوڑے اور بیل بھی شامل،سندھی ٹوپی ،اجرک پہنے شرکا کا ڈھول کی تھاپ پر رقص

ریلیوں میں سجے سجائے اونٹ، گھوڑے اور بیل بھی شامل،سندھی ٹوپی ،اجرک پہنے شرکا کا ڈھول کی تھاپ پر رقص۔ فوٹو: پی پی آئی

زیریں سندھ کے مختلف شہروں میں بھی سندھی یوم ثقافت جوش و خروش سے منایا گیا، سیاسی، سماجی تنظیموں کے رہنمائوں اور کارکنان کے علاوہ بچے،بوڑھے،خواتین سب ہی روایتی سندھی ٹوپی، اجرک پہنے مختلف شاہراہوں پر ریلیوں کی شکل میں نکلے اور ثقافتی گیتوں اور دھنوں پر رقص کیا۔

بدین میں مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کی جانب سے اللہ والا چوک سے پریس کلب تک ریلیاں نکالی گئیں۔ ریلیوں میں اونٹ، گھوڑے اور بیل بھی شامل تھے، جنھیں آرائشی سامان سے خوبصورتی سے سجایا ہوا تھا۔ ریلی میں پیپلز پارٹی، مسلم لیگ نون، جسقم، سندھ ترقی پسند پارٹی، قومی عوامی تحریک سمیت دیگر جماعتوں کے رہنما و کارکنان نے بھی شرکت کی۔ سانگھڑ میں پریس کلب کے سامنے مرکزی تقریب اور ریلی کا اہتمام کیا گیا تھا، جس میں سیاسی و سماجی شخصیات، سول سوسائٹی، وکلا، تاجروں، طلبہ، شہریوں، خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ایم پی اے نند کمار، مراد علی نظامانی، ماسٹر شیر محمد، ایڈوکیٹ سنیل کمار و دیگر کا کہنا تھا کہ سندھ کی ہزاروں سال پُرانی تہذیب ہے، جو امن و آشتی کا درس دیتی ہے۔ ٹنڈوآدم میں اسکولوں میں رنگا رنگ ثقافتی پروگرام منعقد کیے گئے جن میں طلبہ نے ٹیبلوز پیش کیے۔

شاہراہوں پر لوگ سندھی ٹوپی اور اجرک پہنے ثقافتی گیتوں اور ڈھول کے تھاپ پر رقص کرتے رہے، جب کہ ایک دوسرے کو سندھی ٹوپی اور اجرک کے تحائف بھی پیش کیے گئے۔ متحدہ سانگھڑ زونل آفس پر تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں صحافیوں اور مختلف شخصیات میں سندھی ٹوپی اور اجرک تقسیم کی گئیں۔ ٹھٹھہ میں جیے سندھ قومی محاذ، جیے سندھ محاذ، پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ثقافتی ریلیاں نکالی گئیں۔ جاتی میں سیاسی، سماجی، علمی، ادبی و صحافتی تنظیموں اور شہریوں و طلبہ کی جانب سے ثقافتی ریلی نکالی گئیں۔ گھارو میں سابق صوبائی وزیر سسی پلیجو کی جانب سے صحافیوں میں سندھی ٹوپی اور اجرک کے تحائف پیش کیے گئے۔ ٹنڈو محمد خان، ٹنڈوالہیار میں مختلف سیاسی و سماجی اور قوم پرست جماعتوں اور برادریوں کی جانب سے ضلع بھر میں ریلیاں نکالی گئیں۔




زونل انچارج محمد علی شاہ و اراکین زونل کمیٹی نے پریس کلب کے صدر اعجاز احمد منگنھار، جنرل سیکریٹری بشارت علی قائم خانی، اراکین جمیل احمد خانزادہ، عبدالحمید عباسی، راجہ جاوید اختر خانزادہ سمیت دیگر صحافیوں ، ڈسٹرکٹ الیکشن، ایلڈرز ونگ اور دیگر شعبہ جات کے ذمے داران کو سندھی ٹوپی اور اجرک کا روایتی ثقافتی تحفہ پیش کیا۔ جام صاحب میں بس اسٹاپ سے درگاہ سخی جام داتار تک جبکہ کوٹری میں پی پی کے ایم پی اے سکندر شورو کی رہائشگاہ سے مین چوک تک ریلی نکالی گئی۔ علاوہ ازیں جامشورو،سجاول، میرپورخاص، ڈگری، میرپور بٹھورو، گھارو، کُنری و دیگر شہروں میں بھی ریلیاں نکالی گئیں۔

جن کے شرکاء سندھی ٹوپی و اجرک پہنے ثقافتی گیتوں اور ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے رہے، جب کہ کئی مقامات پر شہریوں میں ٹوپی اور اجرک تقسیم کی گئیں۔ ایم کیو ایم میرپورخاص زونل آفس پر ایک تقریب کا انعقاد کیا گیاجس میں حق پرست رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر ظفر کمالی، پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا بالخصوص سندھی میڈیا کے نمائندوں اور سندھی و اردو بولنے والے عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر کارکنان و عوام میں زبردست جوش و جذبہ دیکھنے میں آیا اور وہ ڈھول کی تھاپ اور سندھی گانوں کی دھنوں پر رقص کرکے سندھ دھرتی سے اپنی والہانہ محبت و عقیدت کا اظہار کرتے رہے۔
Load Next Story