وزرا ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی سے اجتناب کریں وزیر اعظم

موجودہ صورت حال میں سب متحد ہوکر ملک کے لیے کام کریں، حکومتی و پارٹی ترجمانوں کے اجلاس سے خطاب

پارٹی کے نظم و ضبط کی پابندی تمام اراکین کی ذمے داری ہے، وزیر اعظم۔ فوٹو، فائل

وزیر اعظم عمران خان نے حکومتی و پارٹی ترجمانوں کے اجلاس میں وفاقی وزیر فواد چوہدری کے بیان پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی ارکان اور وزرا ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی سے اجتناب کریں۔

اسلام آباد میں منعقدہ اجلاس میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پارٹی کے نظم و ضبط پر عمل کرنا تمام اراکین کی ذمے داری ہے۔ وزرا اور پارٹی رہنما ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی سے گریز کریں موجودہ صورت حال میں سب متحد ہوکر ملک کے لیے کام کریں۔ اجلاس میں تازہ سیاسی اور ملکی صورت حال پر بھی مشاورت کی گئی۔

یہ بھی پڑھیے: پی ٹی آئی حکومت کے پاس 6 ماہ ہیں، فواد چوہدری


کراچی میں پی آئی اے طیارہ حادثے کی رپورٹ سے متعلق وزیر اعظم نے کہا کہ پہلی بار فضائی حادثات کی رپورٹس منظرِ عام پر لائی جا رہی ہیں۔ چینی اور گندم بحران کی رپورٹ بھی ہم نے عام کی۔ تحقیقاتی رپورٹس پر کارروائیاں کرکے انہیں منتطقی انجام تک پہنچائیں گے۔اجلاس میں شریک حکومتی اراکین نے وزیراعظم عمران خان کے فیصلوں اور قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیے: کورونا کی بجائے وزرا ایک دوسرے سے لڑرہے ہیں، شہباز شریف

واضح رہے منگل کو وفاقی وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے امریکی نشریاتی ادارے وائس آف امریکا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھاکہ تحریک انصاف کی حکومت خود سے وابستہ توقعات کے مطابق کارکردگی نہیں دکھا سکی۔ عمران خان کو اس بات کا پورا احساس ہے۔ انھوں نے کابینہ اجلاس میں بھی کہا کہ آپ کے پاس چھ ماہ ہیں کام کرنے کے لیے۔ اس کے بعد وقت آپ کے ہاتھ سے نکل جائے گا اور صورت حال کوئی اور رُخ اختیار کرلے گی۔
Load Next Story