پاکستانی کرکٹرز کیلیے انگلینڈ زیادہ محفوظ قرار

اگرکوئی ٹور پر اعتراض اٹھا بھی سکتا ہے تووہ مہمان نہیں میزبان بورڈ ہوگا

پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال زیادہ خراب ہے، مائیکل ہولڈنگ فوٹو: فائل

پاکستانی کرکٹرز کیلیے انگلینڈ کو زیادہ محفوظ قرار دیا جانے لگا،ویسٹ انڈیز کے سابق فاسٹ بولر مائیکل ہولڈنگ کہتے ہیں کہ پاکستان میں وائرس کی صورتحال زیادہ خراب ہے،اگر کوئی اس ٹور پر اعتراض اٹھا بھی سکتا ہے تو مہمان نہیں میزبان بورڈ ہوگا،وہاں سوشل ڈسٹنس میں بھی کمی کا امکان ہے۔


تفصیلات کے مطابق دورۂ انگلینڈ کیلیے منتخب پاکستانی کرکٹرز کی ایک بڑی تعداد کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے، جس کے بعد انگلینڈ کو وائرس کے حوالے سے پاکستان کے مقابلے میں زیادہ محفوظ قرار دیا جانے لگا،ویسٹ انڈیز کے سابق کرکٹر مائیکل ہولڈنگ نے یوٹیوب ویڈیو میں کہاکہ پاکستان میں جو حالات ہیں اس سے انگلینڈ زیادہ بہتر ہے، 4 جولائی سے وہ پابندیوں میں مزید نرمی کرے گا، سماجی دوری 6 فٹ سے کم کرکے 3 فٹ ہوسکتی ہے، وہاں صورتحال تیزی سے بہتر ہورہی ہے۔

اسی لیے پاکستانی کرکٹرز کے اپنے ملک میں رہنے سے زیادہ بہتر انگلینڈ آنا ہوگا،ان کے ملک میں صورتحال خراب ہوچکی، جب وہ انگلینڈ آئیں گے توانھیں بائیوسیکیور ماحول میسر آئے گا، جہاں خطرہ نہیں ہوگا، ویسٹ انڈین ٹیم مانچسٹر میں موجود اور کسی کو بھی کوئی مسئلہ نہیں ہے، کسی کو وائرس ہوا ہوتا تو اب تک سامنے آجاتا، اس لیے اگر کوئی سمجھتا ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو ٹور نہیں کرنا چاہیے تو وہ صرف انگلینڈ کہہ سکتا ہے کیونکہ پاکستان میں اس وقت کورونا وائرس کے زیادہ کیسز سامنے آرہے ہیں۔
Load Next Story