ایشیا کپ کیلیے پی ایس ایل 6 کی قربانی خارج از امکان قرار

ایشیا کپ آئندہ سال فروری مارچ میں کرانے کی بھارتی تجویز پر غور کی بھی ضرورت نہیں، پی سی بی ذرائع


Abbas Raza June 25, 2020
ایشیائی ایونٹ رواں سال ہی کسی نیوٹرل مقام پر کروانے کے لیے پر امید ہیں، پی سی بی فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی سی بی نے ایشیا کپ کیلیے پی ایس ایل 6 کی قربانی کو خارج از امکان قرار دے دیا ہے۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق ایشیائی ایونٹ رواں سال ہی کسی نیوٹرل مقام پر کروانے کے لیے پر امید ہیں، بھارتی میڈیا میں سامنے آنے والی تجویز پر غور کرنے کی بھی ضرورت نہیں۔

پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے ایشیا کپ کی رواں سال سری لنکا یا یو اے ای میں میزبانی کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ستمبر یا اکتوبر میں مقابلے کروا سکتے ہیں، بھارتی میڈیا میں سامنے آنے والی رپورٹ میں ایک بی سی سی آئی عہدیدار کا کہنا تھا کہ ستمبر، اکتوبر کی ونڈو ہمارے لئے موزوں نہیں، پی سی بی آئندہ سال فروری، مارچ میں ہونے والی پی ایس ایل 6 کو ملتوی کرکے ایشیاکپ کی میزبانی کرلے۔

کورونا وائرس کی وجہ سے رواں سال پاکستان کی لیگ کے تو پلے آف میچز ملتوی کرنا پڑے تھے جب کہ آئی پی ایل کا ایک میچ بھی نہیں کھیلا جا سکا، بھارت اکتوبر، نومبر میں آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے التوا کا منتظر ہے تاکہ اپنی لیگ کے لیے کوئی راستہ تلاش کر سکے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں