عباسی اسپتال اور ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کا کورونا ٹیسٹ مفت کرنے کا اعلان

عباسی اسپتال میں یومیہ 65 مفت ٹیسٹ ہوں گے، مالی استعداد نہ رکھنے والے افراد مستفید ہوسکیں گے

عباسی اسپتال میں یومیہ 65 مفت ٹیسٹ ہوں گے، مالی استعداد نہ رکھنے والے افراد مستفید ہوسکیں گے (فوٹو : فائل)

عباسی شہید اسپتال میں کورونا وائرس ٹیسٹ سروس کا آغاز ہوگیا، اسپتال میں یومیہ 65 افراد کے کورونا وائرس کے مفت ٹیسٹ کیے جائیں گے اسی طرح ریڈ کریسنٹ سوسائٹی نے بھی لوگوں کے مفت کورونا ٹیسٹ کا اعلان کیا ہے۔

ایکسپریس کے مطابق بلدیہ عظمی کراچی کے ماتحت عباسی شہید اسپتال میں مفت کورونا ٹیسٹ سروس کا افتتاح مئیر کراچی وسیم اختر نے ربن کاٹ کر کیا۔ مئیر کراچی کا کہنا تھا کہ جن لوگوں کے ٹیسٹ نہیں ہو پارہے ہیں وہ شہری یہاں آکر ٹیسٹ کروا سکتے ہیں، علامات کی بنیاد پر مفت ٹیسٹ کیے جائیں گے، اسپتال میں کووڈ 19 کے ڈاکٹرز موجود ہیں جو پہلے متاثرہ افراد کی اسکریننگ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اسپتال میں آئی سی یو اور ایچ ڈی یو بیڈز بھی موجود ہیں، آئی سی یو میں وینٹی لیٹرز بھی موجود ہیں جلد دیگر ایکوپمنٹ بھی مکمل ہوجائیں گے، اسپتال میں روزانہ 65 افراد کے ٹیسٹ ہوں گے، اسپتال کا ایچ ڈی یو مکمل ہے جہاں 35 بیڈز موجود ہیں جب کہ اسپتال میں 18 وینٹی لیٹرز موجود ہیں، وفاقی و سندھ حکومت سے بات کی تھی انہیں لگا عباسی میں ڈاکٹرز، طبی عملہ اور آلات نہیں ہیں، عباسی شہید اسپتال میں ڈاکٹرز، آلات اور طبی عملہ موجود ہیں صرف وسائل نہیں ہے، حکومت سندھ اور پاکستان سے درخواست ہے کہ ہماری مالی مدد کی جائے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آج پورا شہر غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے بلک رہا ہے، کے الیکٹرک کی لوڈ شیدنگ سے عوام پریشان ہیں، کے الیکٹرک شہریوں پر ظلم کر رہی ہے، وفاقی حکومت اس شہر نے ہی بنائی ہے لیکن اس شہر کے عوام ہی پریشان ہیں۔

گورنر کا عباسی اسپتال کو طبی سامان کا عطیہ


گورنر سندھ عمران اسماعیل نے میئر کراچی وسیم اختر کی درخواست پر عباسی شہید اسپتال کو حفاظتی سامان عطیہ کیا۔ عطیہ شدہ سامان میں 1000 مکمل حفاظتی لباس، 3 ہزار ماسک، 10 کارٹن سینیٹائرز شامل ہیں۔ گورنرسندھ نے کہا ہے کہ حفاظتی سامان کی فراہمی سے اسپتال کے ڈاکٹروں اور طبی عملہ کو فرائض کی بہتر ادائیگی میں مدد ملے گی۔

ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کلفٹن میں مفت ٹیسٹ کی سہولت

دریں اثنا پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی (پی آر سی ایس) نے کورونا وائرس کی علامات کے شکار افراد کے لیے مفت کوویڈ 19 ٹیسٹ کی سہولت کا آغاز کردیا۔

ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے مطابق ایسے افراد جن میں کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہوں یا کورونا وائرس کے انفیکشن میں مبتلا مریض سے میل جول میں ہوں یا حال ہی میں بیرون ملک سے واپسی ہوئی ہو تو وہ لوگ پاکستان ریڈ کریسنٹ کی ''آگاہی'' کال سینٹر کے نمبر 021-37130084 پر صبح 9 بجے سے شام 7 بجے تک فون کر کے رابطہ کر سکتے ہیں۔

جاری بیان کے مطابق کورونا وائرس کے ٹیسٹ کے لیے آنے والے لوگوں کے نمونے پاکستان ریڈ کریسنٹ کا عملہ انڈس ہسپتال کی تکنیکی مدد سے روزانہ 10 بجے سے دوپہر 3 بجے تک کراچی میں کلفٹن تین تلوار پر واقع ہلال احمر ہاؤس میں حاصل کرتا ہے جس کا نتیجہ 24 گھنٹوں میں دیے گئے موبائل نمبر پر ارسال کیا جاتا ہے۔

پاکستان ریڈ کریسنٹ، سندھ کی چیئرپرسن شہناز ایس حامد نے کہا ہے کہ وہ لوگ جو اس ٹیسٹ کو کروانے کی استعداد نہیں رکھتے وہ لوگ پاکستان ریڈ کریسنٹ کے دیے گئے نمبر پر رابطہ کرکے اپنا ٹیسٹ مفت کرواسکتے ہیں۔
Load Next Story