عمران خان کی تقریر نے سب کے منہ بند کردئیے شاہ محمود قریشی

عمران خان نے بتا دیا کہ کرسی کی کوئی اہمیت نہیں، آج پورے ایوان پر سکتہ طاری تھا، وزیر خارجہ


ویب ڈیسک June 25, 2020
وفاقی وزیر فواد چوہدری کے استعفی سے متعلق کبھی کوئی بیان نہیں دیا، وزیر خارجہ (فوٹو : فائل)

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ عمران خان کی آج کی تقریر نے سب کے منہ بند کردئیے۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ عمران خان کی آج کی تقریر نے سب کے منہ بند کردئیے، آج پورے ایوان پر سکتہ طاری تھا، وزیراعظم کے ایک لفظ کو پکڑ کر تنقید کرنا درست نہیں، عمران خان نے آج قومی اسمبلی میں کھل کر بات کی اور واضح پیغام دیا ہے ان کی کسی سے ذاتی مخالفت نہیں ہے اور بتا دیا کہ کرسی کی کوئی اہمیت نہیں، وزیراعظم کے خطاب کا آج پوری قوم کی طرف سے بہت مثبت ردعمل ملا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم نے قوم کو آج مستقبل کا روڈ میپ دیا ہے اور بتایا کہ ہمیں معاشی طور پر ورثہ میں کیا ملا، ہم خارجہ امور میں ذلت کے بھنور سے باہر نکلے ہیں، ہم نے منافقت کی بجائے دنیا کو امن کے لیے قائل کیا جنگ کا حصہ نہیں بنے، ہم مسلم امہ کے اندر تقسیم کو ختم کرکے جوڑنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ میں نے وفاقی وزیر فواد چوہدری کے استعفے سے متعلق کبھی کوئی بیان نہیں دیا، جنہوں نے مجھ سے منسوب کرکے بیان چلایا انھیں ثبوت دینا ہوگا، میں نے کبھی بھی ایسے الفاظ نہیں کہے، اگر کہیں میں نے ایسا کہا تو اسے سامنے لایاجائے ورنہ غلطی کا اعتراف کرکے خبر کواپس لیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری جماعت میں کوئی انتشار نہیں، عمران خان کی قیادت میں ہم سب متحد ہیں، حکومت مستحکم ہے، حکومت کا نکتہ نظر واضح ہے، ہمیں کوئی گھبراہٹ نہیں، پی ٹی آئی کا ایک بھی رکن اسمبلی ادھر ادھرنہیں ہو گا، کارکنان کو کہوں گا کہ حکومت چلی جائے نظریہ پر سمجھوتا نہیں ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں