کورونا فری اسکواڈ کیلیے بورڈ کی مہم جاری

5 ریزرو کرکٹرز بلال آصف، عمران بٹ، محمد نواز، موسیٰ خان اور روحیل نذیر کے سیمپل حاصل کرلیے گئے


Sports Reporter/Abbas Raza June 26, 2020
،10پازیٹو کھلاڑی کلیئر ہونے کا ارمان لیے دوسری جانچ آج کرائیں گے۔ فوٹو: فائل

نیگیٹو آؤ، انگلینڈ جاؤ، کورونا فری اسکواڈکیلیے پی سی بی کی مہم جاری ہے۔

دورہ انگلینڈ کیلیے پاکستانی اسکواڈ کو کورونا فری بنانے کیلیے پی سی بی بھرپور کوشش کررہا ہے، پیر اور منگل کو مجموعی طور پر 10کرکٹرز کے نتائج مثبت آئے تھے، ان کی عدم دستیابی سے پیدا ہونے والا خلا پْر کرنے کیلیے فی الحال جمعرات کو 5 ریزرو کرکٹرز بلال آصف، عمران بٹ، محمد نواز، موسیٰ خان اور روحیل نذیر کے ٹیسٹ لیے گئے ہیں۔

کسی ہنگامی صورتحال کیلیے مزید ناموں پر بھی غور جاری ہے، معاون اسٹاف میں ملنگ علی کے وائرس زدہ ہونے کی وجہ سے مساجر محمد عمران کا سیمپل بھی حاصل کرلیا گیا۔

یاد رہے کہ بلال آصف، عمران بٹ، موسیٰ خان اور محمد نواز کو پہلے ہی ریزرو میں شامل کیا گیا تھا، محمد رضوان کا ٹیسٹ مثبت آنے کی وجہ سے اب روحیل نذیر کا بطور بیک اپ وکٹ کیپر ٹیسٹ کرلیا گیا۔

لاہور میں موجود18 کھلاڑیوں اور مینجمنٹ میں شامل 11 اراکین کی ٹیسٹنگ کا دوسرا مرحلہ جمعرات کو مکمل کرلیا گیا، یہ سب پہلے مرحلے میں کلیئر ہونے کے بعد بدھ کی شب مقامی ہوٹل کے بائیو سیکیور ماحول میں جمع ہوئے تھے، سیمپل لینے کا سلسلہ صبح 11سے شام 4بجے تک ایک مخصوص فلور پر جاری رہا۔

ایک خصوصی ٹیم نے تمام پلیئرز اور سپورٹ اسٹاف کو باری باری بلایا، دوسری بار ٹیسٹ دینے والے کھلاڑیوں میں ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان بابر اعظم، ٹیسٹ کپتان اظہر علی، عابد علی، اسد شفیق، فہیم اشرف، فواد عالم، افتخار احمد، امام الحق، عماد وسیم، خوشدل شاہ، محمد عباس، نسیم شاہ، سرفراز احمد، شاہین شاہ آفریدی، عثمان شنواری، شان مسعود، سہیل خان اور یاسر شاہ شامل تھے۔

ہیڈ کوچ مصباح الحق، اسسٹنٹ ٹو ہیڈ کوچ شاہد اسلم، بیٹنگ کوچ یونس خان،اسپن بولنگ کوچ مشتاق احمد، فیلڈنگ کوچ عبدالمجید، منیجر منصور رانا،اینالسٹ طلحہٰ بٹ، اسٹرینتھ اینڈکنڈیشننگ کوچ یاسر ملک، ٹیم ڈاکٹر سہیل سلیم، سیکیورٹی منیجر لیفٹننٹ کرنل ریٹائرڈ عثمان رفعت اور میڈیا اینڈ ڈیجیٹل کونٹنٹ منیجر رضا راشدکیچلو نے بھی سیمپل دیے۔

پہلے مرحلے میں ہونے والے ٹیسٹ میں وائرس زدہ قرار پانے والے 10 کرکٹرز اور مینجمنٹ ارکان کا دوسرا ٹیسٹ جمعے کو ہوگا، ان میں شاداب خان، حارث رؤف، حیدر علی، محمد حفیظ، فخر زمان، عمران خان، محمد حسنین، محمد رضوان، وہاب ریاض اور کاشف بھٹی شامل ہیں، اگر کسی کا ٹیسٹ کلیئر ہوگیا تو پی سی بی میڈیکل پینل کی مشاورت سے انگلینڈ بھجوانے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

بورڈ تمام ٹیسٹ کے نتائج کا اعلان ہفتے کو کرے گا، اسی روز لاہور سے چارٹرڈ طیارے میں روانہ ہونے والے کورونا فری اسکواڈ کا فیصلہ بھی ہوجائے گا، منفی ٹیسٹ والے دیگر پلیئرز آئسولیشن میں رہیں گے، ان کے وقفے وقفے سے ٹیسٹ بھی ہوتے رہیں گے، نتیجہ منفی آنے پر کمرشل فلائٹ کے ذریعے انگلینڈ بھجوایا جائے گا۔

پی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان پہلے ہی بتا چکے کہ مکمل صحتیاب کھلاڑی جولائی کے وسط سے بھی اسکواڈ کو جوائن کرلیں تب بھی پاکستان کو سیریز کی تیاریوں میں کوئی دشواری پیش نہیں آئے گی،بولنگ کوچ وقار یونس آسٹریلیا سے براہ راست پہنچیں گے۔ مجوزہ شیڈول کے مطابق پہلا ٹیسٹ 5اگست سے شروع ہوگا۔

1 ٹیسٹ کی رپورٹ ہی منفی آنے والوں کو وائرس فری قرار دینے پر غور

پی سی بی کورونا ٹیسٹ کے حوالے سے پالیسی میں نرمی پر غور کررہا ہے،اس سے قبل طے کیا گیا تھا کہ جن کرکٹرز کا ایک ٹیسٹ مثبت آیاانھیں 2 ٹیسٹ منفی آنے پر دورہ انگلینڈ کیلیے کلیئر قرار دیا جائے گا،پیر اور منگل کو آنے والی رپورٹس میں 10کرکٹرز پازیٹو تھے،ان کے دوبارہ ٹیسٹ جمعے کو ہوں گے،اگر کسی کا نتیجہ منفی آیا تو 29جون کو ایک بار پھر سیمپل لیے جائیں گے،اس بار بھی منفی نتیجے کی صورت میں کھلاڑی کو کلیئر قرار دیا جائے گا۔

دوسری جانب پاکستانی اسکواڈ کی انگلینڈ روانگی 28تاریخ کو ہوگی،چارٹرڈ طیارے کے شیڈول میں تبدیلی ممکن نہیں،29جون کو کلیئر ہونے والے کرکٹرز کو بذریعہ کمرشل پرواز ہی جانا پڑے گا۔

ذرائع کے مطابق اس صورتحال میں 2کے بجائے ایک ٹیسٹ کی رپورٹ ہی منفی آنے والوں کو وائرس فری قرار دینے کی لچک پیدا کرنے پر غور ہورہا ہے،پی سی بی شعبہ میڈیکل کے سربراہ ڈاکٹر سہیل سلیم اس ضمن میں ماہرین سے مشاورت کررہے ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔