عالمی برادری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھارت کا محاسبہ کرے، وزیراعظم

ویب ڈیسک  جمعـء 26 جون 2020
نہتے کشمیری پیلٹ گن اور جنسی تشدد کا سامنا کررہے ہیں، وزیراعظم۔ فوٹو : فائل

نہتے کشمیری پیلٹ گن اور جنسی تشدد کا سامنا کررہے ہیں، وزیراعظم۔ فوٹو : فائل

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ عالمی برادری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھارت کا محاسبہ کرے۔

سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آج تشدد سے متاثرہ افراد سے یکجہتی کا عالمی دن ہے، میں دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی طرف دلاتا ہوں، عالمی برادری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھارت کا محاسبہ کرے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ نہتے کشمیری پیلٹ گن، جنسی تشدد، بجلی کے جھٹکوں اور تشدد کا سامنا کررہے ہیں، بہیمانہ زیادتیوں پر مسلسل خاموشی انسانی حقوق اور قوانین کےخلاف ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہندوتوا کی پیروکار قابض مودی سرکار کے حکم پرغاصب بھارتی افواج کے ہاتھوں رقم کی جانےوالی بربریت کی یہ داستانیں اقوام متحدہ، انسانی حقوق کی تنظیموں اورعالمی میڈیا نے مرتب کررکھی ہیں۔ اس سفاکیت پر روا رکھا جانے والا سکوت انسانی حقوق اورعالمی انسانی قوانین کے خلاف ہے جسے گوارا نہیں کیا جانا چاہیے۔

بعد ازاں مظفرآباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مودی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی انتہا کردی ہے، مقبوضہ کشمیر میں ہرروز کوئی نہ کوئی نوجوان شہید کیاجاتا ہے، مودی مقبوضہ کشمیر میں سوچی سمجھی سازش کے تحت ظلم کررہا ہے، مودی نے گجرات میں آر ایس ایس کے غنڈوں کے ذریعے مسلمانوں کا قتل عام کیا، آرایس ایس والے خود کو ہٹلر کی نازی پارٹی کے جانشین سمجھتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ میں نے دنیا کو مسئلہ کشمیر سمجھایا، بے بس لوگوں پر ظلم کرنے والا بزدل ہوتا ہے، مقبوضہ کشمیر میں کمسن بچوں کو بھی جیل میں قید کیا گیا، کشمیری عوام کا جذبہ کبھی کم نہیں ہوسکتا،  5اگست سے قبل دنیا بھر میں  تحریک چلائیں گے اور دنیا بھر کو بار بار مسئلہ کشمیر یاد دلائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔