کے الیکٹرک کی 48 گھنٹوں میں لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے کی یقین دہانی

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 26 جون 2020
سی ای او کے الیکٹرک نے گورنر کو 24 گھنٹے کے اندر لوڈ شیڈنگ کم ہونے کی بھی یقین دہانی کروائی ہے۔ فوٹو، فائل

سی ای او کے الیکٹرک نے گورنر کو 24 گھنٹے کے اندر لوڈ شیڈنگ کم ہونے کی بھی یقین دہانی کروائی ہے۔ فوٹو، فائل

 کراچی: گورنرسندھ عمران اسماعیل سے  ملاقات میں چیف ایگزیکٹو آفیسر کے الیکٹرک  مونس عبداللہ علوی نے آٗئندہ 48 گھنٹوں میں لوڈ شیڈنگ بحران پر قابو پانے کی یقین دہانی کروائی ہے۔

گورنرہاﺅس میں ہونے والی ملاقات کے دوران  گورنر سندھ  نے کے الیکٹرک کی جانب سے شہر میں جاری غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کراچی کے شہریوں کے ساتھ سخت نا انصافی کے مترادف ہے۔

گورنر سندھ نے سی ای او کے الیکٹرک کو ہدایت کی کہ صورت حال کا تدارک کرکے شہریوں کو جلد از ریلیف دیا جائے۔ وفاق کی جانب سے کے الیکٹرک کو اضافی گیس مہیا کی جارہی ہے، اس کے باوجود اس طرح کی صورت حال کا پیدا ہو نا تشویش ناک ہے۔

عمران اسماعیل نے کہا کہ کے الیکٹرک کو اضافی فرنس آئل حبکو سے مہیا کیا جائے گا۔ وفاق کے الیکٹرک کو 650 میگا واٹ بجلی فراہم کرنے کا پابند ہے جبکہ کراچی کے شہریوں کی سہولت کے لئے وفاق اضافی 500 میگا واٹ بجلی دینے کے لیے تیار ہے لیکن سسٹم میں سرمایہ نہ لگانے کی وجہ سے کے الیکٹرک کے پاس 500 میگا واٹ اضافی بجلی سنبھالنے کی صلاحیت نہیں ہے ۔

سی ای او کے الیکٹرک مونس عبداللہ علوی نے کہا کہ فرنس آئل کی کمی کی وجہ سے ٹپال اور گُل احمد پاور پلانٹ بند ہیں جبکہ وفاق سے اضافی فرنس آئل ملنے سے بجلی کے بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ لوڈ شیڈنگ میں اگلے چوبیس گھنٹوں میں بہتری آجائے گی اور اگلے 48 گھنٹوں میں اس  بحران پر قابو پالیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔