دورۂ انگلینڈ ؛ آرچرپاکستان ٹیم کیلیے سب سے بڑا خطرہ قرار

اسپورٹس رپورٹر  پير 29 جون 2020
بیٹسمینوں کوخطرناک ان سوئنگرزبیک فٹ پرکھیلنے کا مشورہ دوں گا،یونس ۔ فوٹو : اے ایف پی

بیٹسمینوں کوخطرناک ان سوئنگرزبیک فٹ پرکھیلنے کا مشورہ دوں گا،یونس ۔ فوٹو : اے ایف پی

 لاہور:  یونس خان نے جوفرا آرچر کو پاکستان ٹیم کیلیے سب سے بڑا خطرہ قرار دیدیا، بیٹنگ کوچ کا کہنا ہے کہ نوجوان انگلش پیسر مضبوط اعصاب کے حامل ہیں،مہمان بیٹسمینوں کو خطرناک ان سوئنگرز کو بیک فٹ پر کھیلنے کا مشورہ دوں گا، دورے میں پاکستانی بیٹنگ کی تکنیک اور اعصاب دونوں کا امتحان ہوگا، خشک موسم میں جیمز اینڈرسن اور اسٹورٹ براڈ زیادہ مشکلات پیدا نہیں کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی بیٹنگ کوچ یونس خان نے ٹیم کو جوفرا آرچر سے خبردار کیا ہے،انھوں نے کہا کہ نوجوان پیسر خطرناک ہیں، ٹور میچ میں ان کا سامنا کر چکا، اس وقت بولنگ میں اتنی کاٹ نہیں تھی، البتہ ورلڈکپ فائنل کے سپر اوور میں انھوں نے ثابت کیا کہ مضبوط اعصاب کے مالک ہیں،ہائی آرم ایکشن کی وجہ سے آرچر کیلیے بیٹسمین کو دھوکا دینا آسان اور ان سوئنگر بھی خطرناک ہے،میں بیٹسمینوں کو مشورہ دوں گا کہ ان کو لائن میں آکر اور بیک فٹ پر کھیلیں، میرے خیال میں میچ ونر بولر پاکستان ٹیم کیلیے سب سے بڑا خطرہ ثابت ہوں گے۔

یونس خان نے کہا کہ جیمز اینڈرسن اور اسٹورٹ براڈ کی جوڑی بڑی تجربہ کار ہے، دونوں نے مل کر انگلینڈ کی فتوحات میں اہم کردار ادا کیا ہے،انگلش کنڈیشز اس موسم میں خشک ہوتی ہیں،امید ہے کہ دونوں پیسرز پاکستانی بیٹنگ لائن کیلیے زیادہ مشکلات پیدا نہیں کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ انگلش بولرز کو چیلنج دینے کیلیے ضروری ہے کہ مہمان بیٹسمین 300سے 350تک کا مجموعہ تشکیل دیں،کنڈیشنز ہمیشہ مشکل اورتکنیک و اعصاب دونوں کا امتحان ہوتا ہے،امید ہے کہ ٹیم اس چیلنج سے نبرد آزما ہونے میں کامیاب ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔