روس نے امریکی فوجیوں کو قتل کرنے کےلیے طالبان کو معاوضہ دیا، امریکی میڈیا

ویب ڈیسک  پير 29 جون 2020
نیویارک ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ روس نے افغانستان میں تعینات امریکی فوجیوں کے قتل کےلیے طالبان کو بھاری معاوضہ دیا۔ (فوٹو: یوٹیوب اسکرین گریب)

نیویارک ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ روس نے افغانستان میں تعینات امریکی فوجیوں کے قتل کےلیے طالبان کو بھاری معاوضہ دیا۔ (فوٹو: یوٹیوب اسکرین گریب)

واشنگٹن: مشہور امریکی اخبار نیویارک ٹائمز میں شائع ہونے والی دو خبروں میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ روس نے افغانستان میں تعینات امریکی اور دوسرے اتحادی فوجیوں کو قتل کرنے کےلیے طالبان کو خفیہ طور پر بھاری معاوضہ دیا جبکہ اس بارے میں امریکی کمانڈوز اور جاسوسوں نے جنوری ہی میں اپنے حکامِ بالا کو آگاہ کردیا تھا۔

بعد ازاں اس سال مارچ میں امریکی انٹیلی جنس ایجنسیوں نے بھی ڈونلڈ ٹرمپ کو اس بارے میں بریفنگ دی تھی جس میں روس کے خلاف پابندیوں اور سفارتی سطح پر احتجاج جیسی تجاویز بھی دی گئی تھیں لیکن امریکی صدر نے یہ بات ماننے سے انکار کردیا۔

اس خبر کی اشاعت پر ڈیموکریٹک اور ری پبلکن پارٹی، دونوں کے نمائندگان نے ٹرمپ انتظامیہ سے جواب طلب کرنا شروع کردیا ہے کہ آخر وہ روس کے معاملے میں اتنی نرمی کیوں برت رہی ہے۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے اس خبر کی تردید کی گئی ہے جبکہ امریکا میں روسی سفارت خانے اور افغان طالبان نے بھی اس خبر کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔ امریکا میں قومی سلامتی کے ڈائریکٹر جان ریٹکلف نے کہا ہے کہ ٹرمپ کو اس بارے میں کوئی بریفنگ نہیں دی گئی تھی، البتہ انہوں نے امریکی فوجیوں کے قتل میں روس اور طالبان میں خفیہ رابطوں سے متعلق کچھ بھی کہنے سے گریز کیا۔

بعد ازاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اتوار کی صبح اپنی ایک ٹویٹ میں اس خبر کی بہت سخت الفاظ میں تردید کرتے ہوئے نیویارک ٹائمز پر تنقید کی ہے۔

واضح رہے کہ یہ خبر ایک ایسے وقت پر شائع ہوئی ہے جب امریکا اور طالبان میں امن معاہدے پر عمل درآمد جاری ہے جس کے تحت طالبان نے امریکی فوجیوں کو افغانستان سے محفوظ واپسی اور ان پر حملے نہ کرنے کی ضمانت دی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔