شہباز شریف کی عبوری ضمانت میں 7 جولائی تک توسیع

شہباز شریف2 جولائی کو انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ سے کورونا ٹیسٹ کرائیں، لاہور ہائی کورٹ کا حکم


ویب ڈیسک June 29, 2020
انسٹیٹوٹ آف پبلک ہیلتھ اینڈ سائنسز کے ڈائریکٹر شہباز شریف کی کورونا کی رپورٹ عدالت میں پیش کریں، ہائی کورٹ فوٹو: فائل

ہائی کورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانت میں 7 جولائی تک توسیع کر دی۔

جسٹس سردار احمد نعیم کی سربراہی میں لاہور ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔

دوران سماعت شہباز شریف کے وکیل نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ شہباز شریف کورونا کی وجہ سے آئسولیشن میں ہیں ، 14 دن گزرنے کے باوجود شہباز شریف کو کورونا کی علامات ہیں ۔ وہ کینسر کے مریض ہیں ان کی ریکوری آہستہ ہوتی ہے۔

نیب پراسیکیوٹر فیصل بخاری نے عدالت کے روبرو کہا کہ شہباز شریف کو 25 جون کو کرونا کا ٹیسٹ کروانا تھا لیکن نہیں کرایا گیا، شہباز شریف نے تو اب تک ضمانتی مچلکوں پر بھی دستخط نہیں کیے، شہباز شریف کی عدم موجودگی میں کیس سن کر فیصلہ کر دے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ شہباز شریف کی ضمانت منظور ہونے کے بعد 7 دن تھے، ان 7 دنوں میں مچلکوں پر دستخط کیوں نہیں کرائے گئے، جب شہباز شریف نے ٹیسٹ ہی نہیں کرایا تو کیسے کہہ سکتے ہیں کہ وہ ابھی بھی کرونا کے مریض ہیں۔

ہائی کورٹ نے شہباز شریف کی عبوری ضمانت میں 7 جولائی تک توسیع کرتے ہوئے حکم دیا کہ شہباز شریف 2 جولائی کو انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ سے کورونا ٹیسٹ کرائیں اور انسٹیٹوٹ آف پبلک ہیلتھ اینڈ سائنسز کے ڈائریکٹر شہباز شریف کی کورونا کی رپورٹ عدالت میں پیش کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں